ملتان . وائس چانسلر جامعہ زکریاپروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی نے کہا ہےکہ عالم اسلام اس وقت اضطراب اور تبدیلی کے عمل سے گزر رہاہے۔ یہاں ایران اور ترکی جیسے ملک ہر قسم کی یلغار کا سامنا اسی لیے کرتے ہیں کہ وہاں کی قومیں اپنے تصور تاریخ و تہذیب کے حوالے سے احساس فخر رکھتی ہیں ، یہ بات انہوں نےشعبہ تاریخ کے زیراہتمام تاریخ ، مزاحمت اور ادب کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کی، انہوں نے بین الاقوامی مہمان سکالر کوپیشکش کی کہ وہ اپنی تجویز تحریری صورت میں پیش کریں ۔ سیمینار سے تہران یونیورسٹی شعبہ اردو کے سربراہ ڈاکٹر محمد کیومرثی نے پاکستانی اور ایرانی جامعات میں علمی تعاون بڑھانے اور اساتذہ ، طالب علموں کے تبادلوں پر زور دیا، انہو ں نے پیشکش کی کہ وہ زکریایونیورسٹی کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے پر تیار ہیں۔ انہوں نے تاریخ مزاحمت اور ادب کے حوالے سے ایک مقالہ بھی پیش کیا۔ڈین پروفیسر ڈاکٹر عمران شریف چوہدری،سابق ڈین پروفیسر ڈاکٹر انوار احمد ، چیئرمین شعبہ تاریخ ڈاکٹر محمد شفیق، ڈاکٹر خاور نوازش نے بھی خطاب کیا ۔