لاہور , وزیراعظم عمران خان کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی بھی شکایت لگا دی گئی اور ملتان سے رکن اسمبلی نے کہا کہ سارا فنڈ شاہ محمود قریشی اور عامر ڈوگر لے جاتے ہیں، انہیں کچھ نہیں ملتا تاہم شاہ محمود قریشی نے اس الزام کی تردید کی ۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں وزیراعظم کی زیرصدارت ہونیوالے پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کے اجلاس کے دوران ملتان سے رکن قومی اسمبلی ملک احمد حسین ڈیہر نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور عامر ڈوگر پر الزام لگایا کہ دونوں ارکان اسمبلی ان کے حلقے میں مداخلت کررہے ہیں۔ شاہ محمود سارے فنڈز لے جاتے ہیں اور ہمیں کچھ نہیں ملتا۔ جس پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ الزام غلط ہے، حقیقت یہ ہے کہ 2018 کے عام انتخابات میں انہوں نے ہی احمد حسین کو پارٹی ٹکٹ دینے کی سفارش کی تھی۔
اجلاس کے دوران ہی تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی راجا ریاض نے بجلی کے زائد بلوں پر شدید تنقید کی، انہوں نے کہا کہ حلقے میں ہماری اور بزرگوں کی 100 سال کی عزت تھی وہ بھی چلی گئی ، حلقے کے عوام ہمیں مارنے کے درپے ہیں۔