ڈیرہ غازیخان(صبح پا کستان) پٹرولنگ پولیس ڈیرہ غازیخان ریجن نے سال 2019کے دوران ہائی ویز پر 10293لوگوں کو مدد فراہم کی اور غفلت، لاپرواہی اور تیز رفتاری سے ڈرائیونگ کرکے لوگوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے والے ڈرائیوروں کے خلاف 1112مقدمات درج کیے گئے. ایس پی ملک طاہر مصطفی نے بتایا کہ اس عرصہ کے دوران ناجائز اسلحہ کے 396 جبکہ منشیات کے خلاف کارروائی کے دوران شراب برآمدگی پر 232مقدمات درج کیے گئے اور مجموعی طو رپرمنشیات چرس، افیون اورہیروئن کے 355مقدمات درج کیے گئے. ملک طاہر مصطفی نے بتایا کہ گزشتہ سال کے دوران 501اشتہاری مجرمان اور 21عدالتی مفرور گرفتار کیے گئے. ایس پی پٹرولنگ نے بتایا کہ اس دوران 107حادثات میں 257زخمیوں کو فرسٹ ایڈ کے بعد ایمرجنسی ریسکیو 1122کے حوالے کیاگیا. سال 2019کے دوران گمشدہ 104بچوں کو والدین تک پہنچایا گیا 1582عارضی اور 89مستقل تجاوزات کو ختم کرایاگیا. 32451غیر رجسٹرڈ، بغیر نمبر پلیٹ اور مشکوک موٹر سائیکلوں کو بند کیاگیا. ایس پی ملک طاہر مصطفی نے بتایا کہ گزشتہ سال کے دوران شجرکاری مہم میں سات ہزار سے زائد پودے لگائے گئے. 1745مقامات پر سیفٹی لیکچرز دیئے گئے. فوگ، سموگ مہم سے متعلق آگاہی اور ٹریفک قوانین بارے ہزاروں پمفلٹس تقسیم کیے گئے. ایس پی پٹرولنگ ملک طاہر مصطفی نے کہاکہ پٹرولنگ پولیس کے جوان 24گھنٹے شاہراہوں پر لوگوں کی خدمت میں مصرو ف عمل ہیں اور پٹرولنگ پولیس کے قیام سے شاہراہوں پر 90فیصد جرائم میں کمی واقع ہوئی ہے اور کوئی بھی شخص شاہراہوں پر محفوظ اور آزادانہ سفر کر سکتاہے.