کوئٹہ ۔ آٹے کی قیمت میں اتنا اضافہ کردیاگیاہے کہ نئے سال کی ساری خوشیاں پھیکی پڑجائیں گے،عوام کی چیخیں نکل جائیں گی۔تفصیلات کے مطابق نئے سال کے پہلے دن کوئٹہ میں آٹے کی قیمت میں اضافہ کیاگیا۔
آٹے کے20کلوکے تھیلے میں مزید اسی روپے اضافہ ہوگیا۔چکی آٹے کے دس کلو تھیلے کی قیمت بھی سات سو روپے ہوگئی ہے جس سے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔ صرف یہی نہیں گزشتہ روز آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے عوام پرمہنگائی کا بم گراتے ہوئے ایل پی جی کی قیمتوں میں بھی ہوشربااضافہ کر دیا ہے۔ اوگرا نے فی کلو قیمت میں 25 روپے کا اضافہ کرتے ہوئے ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 278 روپے مہنگا کر دیا ہے۔ ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت 1791 روپے مقرر کر دی گئی ہے۔خیال رہے کہ اس سے قبل ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت 1513 روپے تھی۔ ایل پی جی کی نئی قیمتوں کا اطلاق جنوری 2020کے لئے ہوگا۔سوئی گیس کی بندش کے باعث شہری متبادل ایندھن کے استعمال پر مجبور ہو گئے ہیں۔
اس سے قبل ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں پچاس روپے کا اضافہ کیا گیا تھا۔دوسری جانب وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کردیاجس کا اطلاق یکم جنوری 2020سے ہو گا۔پٹرول کی قیمت 2روپے 61 پیسے اضافے کے بعد 116روپے 60پیسے ہو گئی ،ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 2روپے 25پیسے اضافے کے بعد 127روپے26پیسے ہو گئی ،لائٹ ڈیزل کی قیمت 2روپے 8پیسے اضافے کے بعد 84روپے 51پیسے ہوگئی۔مٹی کے تیل کی قیمت 3روپے 10پیسے اضافے کے بعد 99روپے 45پیسے ہو گئی۔