لا ہور ۔ سری لنکن کرکٹ ٹیم دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں شرکت کیلئے (کل)8 دسمبر کو پاکستان پہنچے گی، سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 11 سے 15 دسمبر تک راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا میچ 19 سے 23 دسمبر تک نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان کے مطابق یہ قومی کرکٹ کیلئے ایک شاندار خبر ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ دیگر ممالک کی طرح پاکستان بھی کھیلوں کیلئے ایک محفوظ ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ طویل فارمیٹ کی سیریز کیلئے ٹیم پاکستان بھجوانے پر سری لنکا کرکٹ کے مشکور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ سیریز ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی سے متعلق پی سی بی کی کاوشوں کا نتیجہ ہے جس سے انہیں نوجوان نسل کو کھیل کی طرف راغب کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ سیریز کے شیڈول کو حتمی شکل دینے کے بعد اب معیاری انتظامات کی تیاری عررج پر ہے اور آخری مراحل میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی اس سیریز کو یادگار بنانے کیلئے کرکٹرز، آفیشلز، میڈیا اور عوام کیلئے انتظامات میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز میں سخت مقابلہ ہوگا جہاں شائقین کرکٹ کو سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔