راجن پور( صبح پا کستان )میلاد کا انعقاد اللہ کی رضا اورنبی کریم ﷺ کی خوشنودی کے لئے ہونا چاہیے ۔ جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اہتمام کرنا باعث اجر و ثواب ہے ۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد سے دنیا روشن ہوئی ۔ جہالت کا خاتمہ ہوا ۔ اسوہ رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم پر عمل کرنا اصل کامیابی ہے ۔
یہ باتیں ڈپٹی کمشنر راجن پور محمد افضل ناصر خان ،ایم پی اے سردار فاروق امان اللہ دریشک اور ایم پی اے سردار اویس خان دریشک نے آج 12 ربیع الاول کے مرکزی جلوس کی قیادت کرتے ہوئے کہیں ۔ اس موقع پراسسٹنٹ کمشنر راجن پور میاں مراد حسین، امن کمیٹی کے ارکان ،علماکرام اور لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ یہ جلوس صبح10بجے چوک الہ آبادسے شروع ہوا اور مختلف راستوں سے ہوتا ہوا گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائر سکینڈری سکول میں اختتام پذیر ہوا ۔ سکول ہذا میں تقریب منعقد کی گئی ۔
ڈپٹی کمشنر راجن پور محمد افضل ناصر خان نے جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر دارالامان کا دورہ کیا ۔
اس دوران انہوں نے دارالامان میں مقیم خواتین میں مٹھائی تقسیم کی ۔ اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ دارالامان صبا زہرا بھی موجود تھیں ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ اس خوشی کے موقع پر معاشرے کی ستائی ہوئی خواتین کو بھی شامل کرنا چاہئے ۔ انہوں نے سپرنٹنڈنٹ دارالامان کو ہدایت کی کہ مقیم خواتین کوگورنمنٹ کی طرف سے دی گئی سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کے رہائش اور کھانے پینے کے لئے بہتر انتظام ہونا چاہئے