راجن پور( صبح پا کستان )سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل عبدا لصبور سکھیرا نے بتایا ہے کہ ڈسٹرکٹ جیل میں قیدیوں کو خوراک ،صحت ،نفسیاتی کونسلنگ اور پینے صاف پانی سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ۔ قیدیوں کے لئے تیار ہونے والے کھانے کا معیار باقاعدگی سے چیک کیا جاتا ہے ۔ مختلف مقدمات کے سزا یافتہ ملزمان خصوصی طور پر کم سن مجرمان کی کونسلنگ کے لئے ماہر نفسیات ہمہ وقت موجود ہے اور صحت کی ایمر جنسی صورتحال بارے نمٹنے کے لئے ایک ڈاکٹر بمعہ ہمہ قسمی طبی ٹیسٹوں کی سہولیات بھی ڈیوٹی پر تعینات ہے ۔ یہ تفصیلات انہوں نے ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر محمد اسد اللہ شہزاد کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران بتائیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت کل 432قیدی جیل میں موجود ہیں ۔ جن میں سزائے موت ،چوری ،ڈکیتی ،زنا بالجبر سمیت مختلف مقدمات کے حوالاتی مجرمان بھی شامل ہیں ۔ قیدیوں کو پینے کے صاف پانی فراہم کرنے کے لئے فلٹریشن پلانٹ مکمل طور پر فعال ہیں جبکہ آر او پلانٹس کی تنصیب کے لئے اعلیٰ حکام اور مخیر حضرات سے رابطہ ہے ۔ قیدیوں کی خوراک کے حوالہ سے انہوں نے مزید بتایا کہ قیدیوں کو معیاری اور اچھا جراثیم سے پاک کھانا فراہم کیا جاتا ہے اور کھانا حکومت کی طرف سے جاری کردہ شیڈول اور معیار کے مطابق فراہم کیا جاتا ہے ۔ مزید یہ کہ کم سن قیدیوں کی بھر پور کونسلنگ کے لئے ماہر نفسیات کی زیر نگرانی کلاسیں بھی باقاعدگی سے منعقد کی جاتی ہیں ۔