راجن پور( صبح پا کستان )ضلع راجن پور میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے لیکن مزید محنت کی ضرورت ہے ۔ یہ باتیں ڈپٹی کمشنر راجن پور محمدافضل ناصر خان نے میٹرک کے امتحانات میں اول پوزیشن لینے والے طالبعلم محمد عبداللہ کو شیلڈ اور تعریفی سند دیتے ہوئے کہیں ۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹیو آفیسر تعلیم حشمت لنگاہ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر تعلیم عطا حسین سیلرہ، ہیڈماسٹر اور بچے کے والد بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم میں تمام اساتذہ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ذریعے بچوں پر خصوصی توجہ دیں تو ہر سکول کا بچہ بورڈ میں پوزیشن حاصل کر سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج میں ان والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دیتا ہوں جن کے بچوں نے بورڈ میں پوزیشنیں حاصل کی ہیں ۔ والدین کے ساتھ اساتذہ بھی قابل تعریف ہیں ۔ اس موقع پر سی او تعلیم نے بتایا کہ یہ طالب علم گورنمنٹ ہائی سکول مرغائی سے تعلیم حاصل کرتا رہا ہے ۔ جس نے جنرل گروپ میں 953 نمبر لے کر بورڈ میں پوزیشن حاصل کی ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس سکول نے مسلسل دو بار پوزیشنیں حاصل کی ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر نے سکول کے ہیڈ ماسٹر اور استاد کو بھی تعریفی اسناد دی ہیں ۔