لاہور ۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارنےکہاہےکہ ماضی میں اقتصادی ڈاکہ زنی نہ ہوتی توقوم کومشکل حالات سےنہ گزرناپڑتا،دشواریوں کے باوجود تاجر برادری کے تحفظات دور کرنے کی کوشش کریں گے اور ہر ممکن حد تک کاروباری برادری کے مفادات کا تحفظ کیا جائےگا،عالمی مالیاتی اداروں کی طرف سے بیل آؤٹ پیکیج حکومت کی اقتصادی پالیسیوں پر اظہار اعتماد کے مترادف ہے،پاکستان امن اور ترقی کی سمت بڑھ رہا ہے، معیشت کو سیاست سے پاک رکھا جائے،شور مچا کر مالی کرپشن سے توجہ ہٹانے والے اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ بظاہر مشکل اقتصادی فیصلوں کا مقصد ملک کو معاشی مشکلات سے نکال کر مالی خودمختاری کی راہ پر گامزن کرنا ہے،غربت اور محرومیاں مٹانا چاہتے ہیں، چاہے کچھ بھی کرنا پڑے۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بارشوں کے حالیہ سلسلے کی وجہ سے انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو مستعد رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے بڑے شہروں میں نکاسی آب کیلئے سسٹم کو فعال رکھا جائے اور نشیبی علاقوں سے بارش کے پانی کے اخراج کیلئے مشینری اور دیگر وسائل کو بروئے کار لایا جائے،بارش کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر نہیں ہونی چاہیئے اور بڑے شہروں میں ٹریفک جام جیسی صورتحال روکنے کیلئے پیشگی اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اور امدادی سرگرمیاں سرانجام دینے والے دیگر اداروں کے حکام ریلیف کے کام کی خود نگرانی کریں۔