اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کردیئے۔
ایکسپریس نیوزکے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کردیئے ہیں اور انہیں بجٹ اجلاس میں شرکت کی اجازت مل گئی ہے۔ پروڈکشن آرڈر ایڈیشنل سیکریٹری قومی اسمبلی محمد مشتاق کے دستخط سے جاری ہوئے ہیں۔
ذرائع کا کہناہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے خود خورشید شاہ کو پروڈکشن آرڈر سے متعلق آگاہ کیا جب کہ خورشید شاہ نے آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری ہونے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ دیر آید درست آید۔
خورشید شاہ نے پروڈکشن جاری ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ آصف زرداری اب صبح قومی اسمبلی اجلاس میں شریک ہوں گے۔ پروڈکشن آرڈر بجٹ سیشن کے لیئے جاری کیئے گئے ہیں اور بجٹ سیشن 29 جون تک جاری رہنا ہے۔
واضح رہے کہ آصف زرداری اور خواجہ سعد رفیق کے علاوہ پی ٹی ایم کے محسن داوڑ اور علی وزیر بھی زیر حراست ہیں تاہم ان کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کئے گئے۔