اسلام آباد: چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ جمہوریت احتساب کی وجہ سے خطرے میں نہیں آتی،اعمال کی وجہ سےآتی ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ مجھےنہ کسی سے کوئی گلہ ہے نہ کوئی شکایت ہے، جب سے عہدہ سنبھالا میں نے کسی سے کوئی گلہ نہیں کیا، عدلیہ سے زندگی شروع کی اور میرا کیریئر کھلی کتاب کی طرح ہے۔
چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب اور معیشت ساتھ ساتھ چل سکتےہیں تاہم نیب اور کرپشن ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، کہا جارہا ہے معیشت کی زبوں حالی میں نیب کا ہاتھ ہے جب کہ نیب کا کام بزنس کمیونٹی کوتحفظ دینا ہے، موجودہ معاشی بحران حکومتی بحران کے بجائے قومی بحران ہے تاہم معیشت کی زبوں حالی میں نیب کا کوئی عمل دخل نہیں۔
چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ کاروباری شخصیات اور پبلک آفس ہولڈر میں فرق کرنا ہوگا جب کہ کسی بزنس مین کوکبھی ہراساں نہیں کیا گیا، نیب کا ہر قدم ملک کے مفاد میں ہے، جو ملک کے مفاد میں ہوگا وہی کروں گا، وہ احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں جو کہتے ہیں کہ نیب کو کوئی ڈکٹیٹ کرسکتاہے تاہم نیب کسی دھمکی اور خوف کی پروانہیں کرتا جب کہ جمہوریت احتساب کی وجہ سے خطرے میں نہیں آتی بلکہ اعمال کی وجہ سےآتی ہے۔