راجن پور (صبح پا کستان )ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سرداردوست محمد مزاری نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ پی ٹی آئی حکومت کا انتہائی مشکل اور ناپسندیدہ فیصلہ ہے ۔ ہماری حکومت نے نا چاہتے ہوئے آئی ایم ایف سے معاہدہ کیاہے اور وسیع تر قومی مفاد میں یہ کڑوی گولی نگلی ہے ۔ امید کی جا سکتی ہے کہ یہ پی ٹی آئی کی حکومت کا پہلا ا ور آخری قرضہ ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے معیشت کے حوالے سے ملک کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سابقہ حکومتوں کی غلط اور ذاتی مفادات پر مبنی پالیسیوں کی وجہ سے ملکی معیشت مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہے جس کی وجہ سے ہماری حکومت کو انتہائی مشکل اور ناپسندیدہ فیصلے کرنے پڑ رہے ہیں ۔ معیشت کی مضبو طی کے لیے وزیر اعظم عمران خان اور ان کی پوری ٹیم نیک نیتی اور ایمانداری سے کام کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن معیشت پر منفی پراپیگنڈہ کی بجائے حقائق سامنے لائے اور مصنوعی اعدادو شمار سے قوم کو گمراہ نہ کرے ۔ اپوزیشن معیشت پر سیاست نہ کرے ،حکومت کے معاشی پلان پر بے جا تنقید کی بجائے معیشت کے حوالے سے اپنا موقف پیش کرے ،حکومت اپوزیشن کا خیر مقدم کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت قرض لے کر بڑے پراجیکٹ بنانے کے حق میں نہیں ۔ ہم قرض کو عوام کے ریلیف اور قومی مفاد کے لیے استعمال کریں گے اور عوام کو یہ بتائیں گے کہ ہم نے جو قرض لیا ہے وہ کہاں خرچ کیا ہے ۔ معیشت کے حوالے سے حکومت اب درست سمت کی طرف چل پڑی ہے اور اب انشاء اللہ کامیابی ہوگی ۔