گوادر: آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے پی سی گوادر میں کلیئرنس آپریشن مکمل کرلیا ہے جس میں پاک بحریہ کے سپاہی سمیت 5 افراد شہید ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پی سی گوادر پر حملہ کرنے والے تینوں دہشت گرد مارے گئے اوران کی لاشیں شناخت کے لئے رکھ دی گئی ہیں، آپریشن کے دوران ہوٹل کے 4 ملازمین اور پاک بحریہ کا ایک سپاہی شہید ہوا، پاک فوج کے 2 کیپٹن، بحریہ اور ہوٹل کے 2،2 ملازمین زخمی ہوئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشت گردوں نے ہوٹل میں داخلے، مہمانوں کو یرغمال بنانے کی کوشش کی لیکن گارڈز کے روکنے پر دہشت گرد سیڑھیوں کی طرف بھاگے اور فائر کھول دیا، دہشت گردوں کی فائرنگ سے گارڈ ظہور اور 3 ملازمین فرہاد، بلاول اور اویس شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج، پاک بحریہ اور پولیس اطلاع ملتے ہی ہوٹل پہنچ گئیں، فورسز نے مہمانوں اور اسٹاف کو بحفاظت نکال کردہشت گردوں کو چوتھے فلور پر محصور کرلیا، دہشت گردوں نے سی سی ٹی وی کیمرے اتار کرچوتھے فلور کے راستوں پر بارودی سرنگیں بچھا دیں تاہم فورسز نے چوتھے فلور پر پہنچنے کیلئے خصوصی راستے بنائے اور دہشت گردوں کو ہلاک کیا اور بارودی سرنگیں صاف کر دیں، فائرنگ کے تبادلے میں پاک بحریہ کے سپاہی عباس خان شہید ہوئے۔