ڈیرہ غازیخان ( صبح پا کستان)مشیر صحت وزیراعلی پنجاب محمد حنیف خان پتافی نے کہا ہے کہ صوبہ کے تمام خصوصی افراد کو انصاف صحت کارڈ جاری کئے جائیں گے۔تمام سرکاری اور اہم نجی اداروں میں تین فیصد خصوصی کوٹہ مقرر کردیا گیا ہے۔پبلک ٹرانسپورٹ میں پچاس فیصد رعایت کے لئے خصوصی کارڈ جاری کئے جارہے ہیں۔ہنر مند افراد کو روزگار کے لئے بلا سود قرضے دئیے جائیں گے انہوں نے یہ بات سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ڈیرہ غازیخان کے زیر اہتمام آرٹس کونسل کے اشتراک سے آڈیٹوریم میں جشن بہاراں کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی . انہوں نے کہا کہ انصاف صحت کارڈ کے ذریعے سپیشل افراد سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں سات لاکھ20 ہزار روپے تک کا مفت علاج کراسکیں گے۔مشیر صحت محمد حنیف پتافی نے کہا کہ سپیشل بچوں کی پرفارمنس دیکھ کر اندازہ ہوا کہ اللہ تعالی نے انہیں جسمانی طور پر مکمل افراد سے زیادہ صلاحتیوں سے نوازا ہے۔بہتر تعلیم وتربیت کرکے انہیں معاشرہ کا مفید اور معاون شہری بنایا جاسکتا ہے .
ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان میاں محمد اقبال مظہر مہار نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار سپیشل ایجوکیشن کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں .ا ساتذہ پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ سپیشل بچوں کی تعلیم اور کردارسازی کیلئے زیادہ توجہ دیں . انہوں نے کہاکہ سپیشل بچے ٹیلنٹ کے حوالے سے کسی سے کم نہیں ان بچوں کی حوصلہ افزائی کیلئے ایسی تقریبات کا سلسلہ جاری رہنا چاہیئے .
ڈویژنل ایجوکیشن آفیسرسپیشل ایجوکیشن ریحانہ عنبرین نے کہاکہ ڈیرہ غازیخان ڈویژن کے سپیشل ایجوکیشن اداروں میں جسمانی لحاظ سے کمزور بچوں کی تعلیم وتربیت کیلئے خصوصی وسائل اور تجربہ کی ضرورت ہوتی ہے اور اساتذہ کی محنت سے خصوصی بچے نارمل بچوں کا نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں مقابلہ کررہے ہیں تقریب سے شفیق الرحمن اور دیگر نے بھی خطاب کیا . اس موقع پر ہیڈماسٹرز ڈاکٹر سعید احمد ، ڈاکٹر شاہد نواز ، رابعہ نذر ، مبشر احمد ، حفیظ اللہ، اساتذہ عفیفہ ریاض ، حنا ، سہیل احمد اوردیگر کی کاوشوں سے سپیشل بچوں نے ملی نغمے ، تقاریر ، ٹیبلوز اور خاکے پیش کیے . تقریب میں ادارہ کے سربراہان ، اساتذہ ، طلباؤطالبات ، والدین اور لوگوں کی کثیر تعداد موجود تھی .