ڈیرہ غازیخان (صبح پا کستان ) تونسہ شریف میں لیموں کے نرخ زیادہ وصول کرنے والے دکاندار کیخلاف مقدمہ اور کم وزن کی روٹی فروخت کرنے پر چھ ہوٹل مالکان کو چار ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا گیا۔یہ کارروائی سپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹ ڈاکٹر محمد طارق نے ڈپٹی کمشنر میاں محمد اقبال مظہر مہار کی ہدایت پر تونسہ میں کی۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ ڈاکٹر محمد طارق نے بتایا کہ انڈس ہائی وے بھائی موڑ کے سبزی فروش محمد اسحاق سرکاری نرخ سے اسی روپے فی کلومہنگے لیموں فروخت کرتے پایا گیا جس کے خلاف پرائس کنٹرول ایکٹ کے تحت تھانہ سٹی تونسہ شریف میں مقدمہ کے اندارج کے لئے درخواست دے دی گئی ہے۔اسی طرح مختلف مقامات پر قائم عنایت اللہ ہوٹل اور پیر پٹھان ہوٹل کے مالکان کو کم وزن کی روٹی فروخت کرنے پر ایک ایک ہزار جبکہ مجاہد ہوٹل،لعل ہوٹل،فیض محمد خان ہوٹل اور احمد ہوٹل کو پانچ پانچ سو روپے جرمانہ عائد کردیاگیاہے .