ڈیرہ غازیخان (صبح پا کستان)۔: ضلع ڈیرہ غازی خان میں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا گیا دن کا آغاز نماز فجر کے بعد خصوصی دعاوں سے ہوا۔23 مارچ کی مناسبت سے مرکزی تقریب ڈی جی خان آرٹس کونسل میں منعقد ہوئی جس میں صوبائی وزیر آبپاشی سردار محسن خان لغاری نے بطور مہمان خصوصی او رمشیر صحت محمد حنیف خان پتافی نے بھی شرکت کی اور بچوں کے ساتھ ملکر پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔صوبائی وزیر سردار محسن خان لغاری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آنیوالی نسل میں جوش و جذبہ دیکھ کرخوشی ہوئی ہے ہر بچے میں جذبہ حب الوطنی بیدار ہوچکا ہے جس سے قوی امید ہے کہ پاکستان کا مستقبل تابناک ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے ارض پاک پر حملہ کی ناکام جسارت نے پاکستانی قوم کو1940 کی طرح پھر متحد کردیا ہے اور قوم میں یہ اتحاد حکمران قیادت کو ملک کے لئے بہتر فیصلے کرنے کی ہمت دیگا۔ تقریب سے ایڈیشنل کمشنر و ڈائریکٹر آرٹس کونسل اظفر ضیاء،محبوب حسین اور دیگر نے بھی خطاب کیا ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز میاں غلام رسول، غلام یسین،سی ای او تعلیم عبدالغفار لنگاہ،پروفیسر شعیب رضا دیگر افسران ، مرد و خواتین اور بچوں کی کثیر تعداد شریک تھی قبل ازیں پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔ بچوں نے دن کی مناسبت سے پرجوش انداز میں ٹیبلوز،خاکے،تقاریر اور ملی نغمے پیش کئے.