کوٹلی / ہٹیاں بالا: پاکستان کی جانب سے امن کے پیغام کے باوجود ایل او سی پر بھارت کی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے جب کہ گزشتہ روز شدید گولہ باری کے نتیجے میں ایک شہری شہید اور5 زخمی ہوگئے۔
گرفتار بھارتی پائلٹ کی واہگہ بارڈر پر بھارتی حکومت کو حوالگی کے وقت بھارتی فوج لائن آف کنٹرول کے 3 مقامات پر شہری آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کر رہی تھی، نکیال سیکٹر مبں ایک شہری شہید اور2 زخمی ہوئے، اس کے علاوہ کھوئی رٹہ سیکٹر، سماہنی سیکٹر، راولاکوٹ میں تتہ پانی اوردرہ شیخان پر گولہ باری سے 3 افراد زخمی ہوئے، پاک فوج کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی جاری ہے۔
دوسری جانب ہٹیاں بالا میں بھارتی فوج نے جمعرات اور جمعے کے درمیان صبح 10 بجے تک چکوٹھی اور پانڈو کے سرحدی دیہات پر گولہ باری کی جس سے 7 رہائشی مکانات تباہ ہوگئے، پاک فوج کی جوابی کارروائی کے بعد بھارتی گنیں خاموش ہو گئیں۔