ڈیرہ غازیخان (صبح پاکستان). محکمہ تعلیم ڈیرہ غازیخان کی درجہ بندی کے حوالے سے آخری پوزیشن پر افسران کے خلاف پیڈاایکٹ کے تحت کارروائی اور تحصیل سطح پر اے ای اوز کو ملازمت سے فارغ کرنے کا فیصلہ کیاگیاہے . اس بات کافیصلہ ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقدہ محکمہ تعلیم کے ماہانہ اجلاس میں کیاگیا جس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل غلام یاسین نے کی . اجلاس میں بتایاگیاکہ اکتوبر، نومبر اور دسمبر کے کوارٹر میں محکمہ تعلیم کی رینکنگ صوبہ کے 36اضلاع میں سب سے آخر پر رہی . اساتذہ و طلبہ کی حاضری ،تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی ، اے ای اوز سمیت دیگر افسران کا تعلیمی اداروں کا معائنہ ، سکول میں ہائی جین سمیت 18انڈیکیٹرز کے حصول میں ناکامی پر ضلع کی درجہ بندی متاثر ہوئی جس پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے افسران کو وارننگ جاری کرتے ہوئے کہاکہ تحصیل سطح پر ناقص کارکردگی کے حامل اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز کو ملازمت سے فارغ کر کے مثال بنایا جائے گا اسی طرح دیگر افسران اوراساتذہ کے خلاف پیڈاایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی. ضلع میں بوگس سکولوں کی نشاندہی کی جائے. انہوں نے کہاکہ تمام تعلیمی اداروں میں معیار تعلیم بہتر کرنے کیلئے اقدامات کیے جائیں. اس موقع پر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر فرحان مجتبی اور سی ای او ایجوکیشن عبدالغفار لنگاہ نے ادارہ کی کارکردگی پربریفنگ دی .