ڈیرہ غازیخان (صبح پا کستان) وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے ڈی جی خان ہسپتال میں ٹیلی میڈیسن یونٹ کا افتتاح کردیا ۔ٹیلی میڈیسن یونٹ کے قیام کا بنیادی مقصد طبی ماہرین کے ذریعے مریضوں کے علاج معالجے میں آن لائن مدد کرنا ہے ۔ٹیلی میڈیسن یونٹ لاہور کے چلڈرن ، سروسز ، تونسہ شریف اوربارتھی ہسپتال ڈیرہ غازی خان سے منسلک ہوگا اورطبی ماہرین ٹیلی میڈیسن یونٹ کے ذریعے دور دراز کے علاقوں کے مریضوں کو ان کی دہلیز پر آن لائن علاج کی مفت سہولت مہیا کریں گے ۔وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہاکہ ٹیلی میڈیسن یونٹ کے طبی ماہرین کی جدید تقاضوں کے مطابق باقاعدہ تربیت کروائی گئی ہے ۔صحت انصاف کارڈ کے ساتھ ساتھ ٹیلی میڈیسن یونٹ کا جنوبی پنجاب سے افتتاح انتہائی خوش آئند ہے ۔ جنوبی پنجاب کی محروم عوام کا تمام تربنیادی سہولیات کی فراہمی ان کا پہلا حق اور حکومت کا اولین فرض ہے ۔وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے ٹیلی میڈیسن یونٹ کے افتتاح کے بعد خود آن لائن مریضوں کا علاج کیا او رکہاکہ ٹیلی میڈیسن یونٹ کے ذریعے ہزاروں مریض گھر بیٹھے ہزارو ں روپے کی فیس دیئے بغیر سینئر ڈاکٹر حضرات سے آن لائن طبی مشورہ حاصل کرسکیں گے ۔ وزیر صحت پنجاب نے بتایا کہ ٹیلی میڈیسن یونٹ کا دائرہ کار آہستہ آہستہ پورے پنجاب میں پھیلائیں گے اورصوبہ بھر میں ٹیلی میڈیسن یونٹ کو ماڈل پراجیکٹ بناکر دیگر صوبوں کے مریضوں کو بھی طبی مشاورت حاصل کرنے کی پیش کش کی جائے گی ۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے راجن پور سے صحت انصاف کارڈ کا افتتاح کرکے جنوبی پنجاب کی عوام کے دل جیت لئے ہیں جبکہ سابقہ حکومت نے ماڈل ٹاؤن کو پنجاب اور پاکستان سمجھ کر سڑکیں او رپل بنا کر جنوبی پنجاب کی عوام کا اربوں روپیہ ضائع کیا۔