لیہ( صبح پا کستان)تحریک آزادی جموں کمشیر کے زیر اہتمام لیہ میں آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں سیاسی و دینی جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی. کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک آزادی جموں کشمیر جنوبی پنجاب کے صدر محمد عمران نے کہا کہ مقبوضہ کمشیر میں مظالم کے پہاڑ توڑے جارہے مگر عالمی طاقتیں اقوام متحدہ سمیت دیگر ادارے خاموش ہیں. انہوں نے کہا کہ پاکستان حکومت آزادی کشمیر کے لئے فیصلہ کن تحریک کا آغاز کرے. ضلعی جنرل سیکرٹری پاکستان پیپلز پارٹی قاضی احسان اللہ نے کہا کہ ہم نے ہر وقت جدوجہد آزادی کشمیر میں اپنے بھائیوں کا بھرپور ساتھ دیا اور آزادی تک ہم ساتھ دیتے رہیں گے. جماعت اسلامی شہر کے صدر پروفیسر ڈاکٹر ظفر عالم ظفری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری رہنماؤں پر ہونے والے مظالم کا آج تک کوئی نوٹس نہ لے کر انسانی حقوق کے تمام اداروں کی مجرمانہ غفلت کی بھرپور مذمت کرتا ہیں اور کشمیریوں کی جدوجہد میں ہر لحاظ سے ان کے ساتھ ہیں. محمد اعجاز گجر کنونینئر ملی مسلم لیگ لیہ نے کہا کہ کشمیری ماؤں بہنوں اور بیٹیوں کی عزتوں اور زندگیوں سے کھیلا جارہا ہے. ہماری حکومت کو اب اپنے موقف میں مزید شدت لاکر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کا حل نکالنا ہو گا. رہنما جمعیت علما اسلام قاری منور حسین نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں نے کشمیر مسئلے پر کوئی اقدام نہیں اٹھایا اور تحریک انصاف کی حکومت مسئلہ سے پیچھے ہوتی نظر آرہی ہے جو کسی صورت قبول نہیں ہے. کانفرنس میں شریک جماعتوں کے رہنماؤں نے ہاتھوں کی زنجیر بنا کر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا. کانفرنس میں رضوان خان سمیت مختلف جماعتوں کے کارکنان نے کثیر تعداد میں شرکت کی. آخر میں کشمیر کی آزادی اور ملکی سلامتی کے لئے دعا بھی کی گئی