لیہ (صبح پا کستان) سال 2018لیگیوں نے دھاندلی جبکہ حکومتی حلقوں نے تبدیلی کا سال قرار دے کر 2019کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ سروے میں اظہار خیال کرتے ہوئے لیگی ممبر صوبائی اسمبلی مہر اعجاز احمد اچلانہ نے کہا کہ 2018میں ایک جماعت کو نشانہ بنا کر منظم دھاندلی کی گئی جو تاریخ کا حصہ بن چکی ہے۔ا نہوں نے کہا کہ حکومت 2018میں کی گئی سیاسی کارروائیوں کو 2019میں بھی دہرانا چاہتی ہے مگر اب ایسا نہیں ہو گا۔سابق امیدوار صوبائی اسمبلی مہر محمد طفیل لوہانچ نے کہا کہ دو پارٹی سسٹم ختم ہو ا اور نئی جماعت کا سامنے آنا گزشتہ سال کا بہترین عمل ہے، گزشتہ سال میں بڑے لوگ قانون کی گرفت میں آئے جو پاکستان کے لئے بہترین ہے، انہوں نے کہا کہ امید ہے 2019لیہ سمیت پاکستان کے لئے بہترین ہو گا۔ تحریک انصاف وکلا ونگ کے جنرل سیکرٹری عبدالستار ایڈووکیٹ نے کہا کہ دو جماعتی سسٹم میں تبدیلی گزشتہ سال کی بڑی تبدیلی ہے جو پاکستان کی تاریخ میں سنہری باب ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال لیہ ، ڈسٹرکٹ بار سمیت پاکستان کے لئے اچھی خبریں لے کر سامنے آیا۔ رہنما ن لیگ حکیم لیاقت علی چوہان نے کہا کہ بلند و بانگ دعوے کرنے والے عمران خان کی ناکامی کا سال کہا جا سکتا ہے کیونکہ اس سال دھاندلی کے بعد حکومت وجود میں�آئی تو مہنگائی کا سیلاب آیا۔ وائس چیئر مین یو نین کونسل بکھری احمد خان سید عمران شاہ نے کہا کہ گزشتہ سال لیہ کے نشیبی علاقوں کے لئے بہترین ثابت ہو ا۔ سابق ایم این اے سید ثقلین شاہ بخاری کی کاوشوں سے کروڑوں روپے کے سپر بند ، سٹڈ بند بنے جو ہمارے علاقے کے لئے تحفہ ہیں، انہوں نے تحریک انصاف کی حکومت کو بھی سال کی بہترین تبدیلی قرار دیا۔ معظم علی ایڈووکیٹ نے کہا کہ گزشتہ سال پاکستان کے لئے بہترین رہا کیونکہ دہشت گردی ختم ہوئی، لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ کافی حد تک قابو پالیا لیا گیا جبکہ نئے الیکشن بھی پرامن ہوئے جو ملک کے لئے اچھا ہے۔ سروے میں ثنا اللہ خٹک، چیئر مین یونین کونسل جمن شاہ مہر احمد حسن کلاسرہ نے گزشتہ سال کو ملک کے لئے بہتر جبکہ ایک جماعت کے لئے انتقامی سال قرار دیا ، ضلعی صدر آئی ایس ایف ثناء اللہ واندر، مہر شاہد اقبال میلوانہ، مہر اصغر پپو نے گزشتہ سال تبدیلی کا سال قرار دیا۔