ڈیرہ غازیخان ( صبح پا کستان).مشیر صحت محمدحنیف خان پتافی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے جنوبی پنجاب کی پسماندگی کے خاتمے کیلئے ڈیرہ غازیخان میں عالمی سطح کی ایک یونیورسٹی اور ایک ماڈل کالج قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے .انہوں نے ان خیالات کا اظہار ثانوی و اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ ڈیرہ غازیخان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا.مشیر صحت نے کہاکہ پنجاب حکومت نے پہلی دفعہ تعلیم کیلئے 271ارب روپے جبکہ صحت کیلئے 281ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی ہے . انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے عام آدمی کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کا عزم کر رکھا ہے اور اس سلسلے میں ترقیاتی کاموں کارخ جنوبی پنجاب کی طرف موڑ دیاگیا ہے . وزیر اعلی کے مشیر برائے صحت حنیف پتافی نے کہاکہ علاقے کی ترقی کیلئے میگا پراجیکٹس پر کام جاری ہے جس کے نتائج جلد ہی سامنے آنا شروع ہو جائیں گے . انہوں نے تعلیمی بورڈ ڈیرہ غازیخان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے ٹیم ورک کا نتیجہ قرار دیا . تقریب میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ملازمین میں چیئرمین ایکسی لینس ایوارڈ ز تقسیم کیے گئے . اس موقع پر چیئرمین بورڈ ڈاکٹر محمد شفیق ، سیکرٹری راؤ شاہد ، کنٹرولر چودھری مشتاق علی ، ڈپٹی کنٹرولر شیخ امجد حسین او ردیگر موجود تھے . حنیف پتافی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بورڈ ملازمین کو اعلی کارکردگی پر ایک ماہ کی بنیادی تنخواہ بطور بونس دینے کی سفارش کی . انہوں نے کہاکہ وہ بورڈ کے عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کے سلسلے میں اپنا بھر پور کردارادا کریں گے .
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بورڈ ڈاکٹر محمد شفیق نے کہاکہ پچھلے دو سالوں سے بورڈ ملازمین کو کارکردگی کی بنیاد پر انعامات دینے کا سلسلہ شروع کیاگیاہے تاکہ محنتی اور قابل ملازمین کی حوصلہ افزائی ہو سکے . انہوں نے بتایاکہ بورڈ ملازمین کے حقوق کا تحفظ اور حوصلہ افزائی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں . قبل ازیں مشیر صحت کو بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین بورڈ نے بتایا کہ بورڈ ملازمین کیلئے جہیز فنڈ ، پاپوش الاونس ، تجہیز و تکفین فنڈ میں کئی سو گنا اضافہ کر دیاگیا ہے جبکہ 63لاکھ روپے کی خطیررقم میرٹ پر بورڈ ملازمین کو بطور قرض حسنہ دی جا رہی ہے. دس سالوں کے بعد پہلی دفعہ اہلکاروں کو ترقیاں دی جا رہی ہیں . اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کنٹرولر امتحانات شیخ امجد حسین نے کہا کہ بورڈ میں صحت مند سرگرمیوں کا انعقاد موجودہ چیئرمین کا قابل تحسین فیصلہ ہے جس سے افسران و اہلکاروں کے درمیان خوشگوار ماحول پیدا ہوا اور سٹاف کی کارکردگی بہتر ہوئی ہے . تقریب میں مہمان خصوصی مشیر صحت محمد حنیف خان پتافی نے بہترین کارکردگی پر چودھری سعید اقبال او رمحمد مجید ڈرائیور کو ا یمپلائی آف دی ایئر کا ایوارڈ جبکہ بہترین سہولت کار کا ایوارڈ ڈپٹی کنٹرولر شیخ امجد حسین کو دیا. اسی طرح بہترین ڈریسنگ پر وقار عظیم کھوسہ ، جعفر رضا او رلاریب مریم کو شیلڈز دی گئیں . اس کے علاوہ مختلف شعبہ جات کے افسران اور اہلکاروں کو کارکردگی کی بنیاد پر شیلڈز اور سر ٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے .