لیہ(صبح پا کستان ) شہدائے کربلانے تن ،من، دھن قربان کرکے نظام مصطفی بچالیا۔ان خیالات کااظہارممتازمذہبی سکالر، جیّد عالم دین علامہ خان محمدقادری آف لاہورنے انتظامیہ جامع مسجدمحمدیہ محلہ منظورآبادکے زیراہتمام میلادگراؤنڈ لیہ میں منعقدہ جلسہ شہادت حضرت امام حسین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس کی صدارت قاری منورحسین باروی نے کی۔ تلاوت قرآن پاک حاصل کرنے کی سعادت قاری عبدالطیف باروی نے حاصل کی۔ بلبل چمنستان رسالت محمدسمیع اللہ قریشی، قاری سعیداکبرباروی، منظورحسین جھورڑ اوردیگرنعت خوانوں نے ہدیہ نعت ومنقتبت پیش کیا۔علامہ عبدالعزیزطاہراسٹیج سیکرٹری تھے۔علامہ خان محمدقادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کائنات کی قیمت انسان، انسان کی قیمت دل اوردل کی قیمت غم ہے۔حضرت امام حسین اورشہدائے کربلانے اپنی جانوں کی قربانیاں دے دیں مگرنظام مصطفی پرآنچ تک نہ آنے دی۔شہدائے کربلاکے اکہترجسد خاکی اٹھاکربھی امام عالی مقام کے حوصلے بلندرہے۔جتنی بھی مشکلات آئیں قرآن اورنمازکے دامن کونہ چھوڑا۔علامہ خان محمدقادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اہل بیت سے محبت کاتقاضا ہے کہ قرآن پاک اورنمازپنجگانہ سے مضبوط ترین تعلق قائم کیاجائے۔انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جلسہ شہادت حضرت امام حسین میں عوام کاسمندرگواہی دے رہا ہے کہ اہلسنت اہل بیت سے والہانہ محبت کرتے ہیں۔جلسہ شہادت حضرت امام حسین میں علماء کرام، آئمۃ المساجد، حفاظ کرام اورعوام اہل سنت نے کثیرتعدادمیں شرکت کی۔