لیہ(صبح پا کستان )انتخابی ضابطہ اخلاق پر پابندی کے لیے مانیٹرنگ پر مامور افسران کی کارکردگی تسلی بخش ہے اس جذبے محنت اور لگن سے خدمات سرانجام دیتے ہوئے اپنے فرائض جاری رکھیں تاکہ ووٹرز کو پرامن ماحول کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔یہ بات ڈپٹی کمشنر رفاقت علی نے انتخابی ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں اے ڈی سی آر فخرالاسلام ڈوگر،اے سی لیہ وکروڑ شاہدعباس کاٹھیا/لیاقت علی،جی اے آر صفات اللہ خان ،سی ای او تعلیم شوکت علی شیروانی ،ڈی ایس پی صدراور مانیٹرنگ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے قومی و صوبائی اسمبلی حلقوں میں انتخابی عمل کی مانیٹرنگ پر مامور افسران سے فرداًفرداًکارکردگی کا جائزہ لیاجسے تسلی بخش قرار دیاگیا۔ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ملک جاوید اقبال نے 699پولنگ اسٹیشنوں کے وزٹ اور عدم دستیاب سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر کو سی ای او تعلیم ،اے ڈی کالجز ،ایس این اے ناصرمحمود نے سہولتوں کی فراہمی ،بجلی نہ ہونے کی صورت میں سولر پینل کی تنصیب ،سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے اور دریاے سند ھ کے پار کی آبادی کے لیے قائم تین پولنگ اسٹیشنوں پر عملے کی آمدورفت کے انتظام کے بارے میں اُٹھائے گئے اقدامات بارے آگاہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہدیات کی کہ ایس او پی کے مطابق ٹرانسپورٹ پلان پر عمل درآمد اور تمام پولنگ اسٹیشنوں پر ضروری سہولیات کی فراہمی کے لیے پیشگی اقدامات عمل میں لائیں تاکہ پولنگ کے روز سے قبل ہی تمام انتظامات مکمل کرلیے جائیں۔