لیہ (صبح پا کستان )حکومت پنجاب شعبہ تعلیم میں بہتری کے ذریعے شرح خواندگی میں اضافے کے پروگرام پر گامزن ہے کیونکہ ملک و قوم کی ترقی کا زینہ اعلی تعلیم کے حصول سے ہی ممکن ہے جس کے حصول کے لیے افسران تعلیم اپنی کاوشیں قومی جذبہ سے سرشار ہوکر سرانجام دیں تاکہ ضلع کے تعلیمی گراف کو نہ صرف برقراررکھاجاسکے بلکہ رینکنگ میں مزید آگے بڑھنے کا سبب بنیں ۔یہ بات ڈپٹی کمشنر رفاقت علی نے محکمہ تعلیم کے زیر اہتمام ایم سی ہائی سکول میں سابق ڈپٹی کمشنر کے اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔تقریب میں سی ای او تعلیم شوکت علی شیروانی ،ڈی او تعلیم ذوالفقار علی،احسن فرید ،شفقت شاہین،ڈی ڈی تعلیم توکل حسین ،غلام یاسین چشتی،مہر عبدالمجید ،عبدالرحیم ،ریاض حسین میتلا،امان اللہ خان ،سینئرہیڈ ماسٹر احسن خان درانی ،شرافت علی بسرا،راشدہ اشرف کے علاوہ افسران تعلیم کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر رفاقت علی نے کہا کہ ضلع لیہ کا پنجاب بھر میں تیسری پوزیشن کا اعزاز یقیناًافسران تعلیم اور اساتذہ کرام کی محنت کا ثمر ہے جسے برقرار رکھنے اور پہلی پوزیشن کے حصول کے لیے قومی جذبہ سے خدمات سرانجام دینے کی ضرورت پر زور دیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی ای او تعلیم شوکت علی شیروانی اور آصف خان درانی نے سابق ڈپٹی کمشنر واجدعلی شاہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کی علم دوست کاوشوں اور مشفقانہ رویہ افسران تعلیم کے لیے ایک مثبت اقدام قرار دیا۔سابق ڈپٹی کمشنر واجدعلی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے دوران تعیناتی تعلیمی اہداف کے حصول کے لیے موثر خدمات پر افسران تعلیم کی کاوشوں کو سراہااور ضلع کی تیسری پوزیشن کو ایک اعزاز قرار دیا۔بعدازاں ڈپٹی کمشنر رفاقت علی اور سی ای او تعلیم شوکت علی شیروانی نے سابق ڈپٹی کمشنر واجدعلی شاہ کو یادگاری شیلڈ دی۔