بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک ) چین میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر صدر مملکت ممنون حسین نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور روسی ہم منصب سے مختصر ملاقات میں دو طرفہ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق چین میں جاری شنگھائی کانفرنس کے درمیان صدر ممنون حسین نے بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی اور رو س کے صدر ولادی میر پیوٹن سے ملاقات کی، یہ ملاقات شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے موقع پر سائیڈ لائن پر ہوئی جہاں ان رہنماؤں نے ایک دوسرے سے مصافحہ کیا اور کچھ دیر گفتگو کی۔
روس کے صدر سے ہونے والی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی مسائل سمیت باہمی دلچسپی کے امورپرتبادلہ خیال کیا گیا جب کہ دونوں رہنماؤں نے تعلقات کو مضبوط بنانے پربھی اتفاق کیا۔
دونوں رہنماؤں نے تجارت، توانائی، دفاع، ثقافت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر زور دیا، دوران گفتگو صدرممنون حسین نے شنگھائی تعاون تنظیم کے حوالے سے باہمی دلچسپی، مساوات اور مشاورت کے لیے مواقع کی تلاش پر بھی زور دیا۔
واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان اور بھارت پہلی مرتبہ بطور رکن شرکت کررہے ہیں۔ دونوں ممالک کو اس تنظیم کی مستقل رکنیت گزشتہ برس ہی دی گئی تھی۔ اس سربراہ اجلاس میں شنگھائی تعاون تنظیم کے مستقبل کے لائحہ عمل سے متعلق بیس سے زائد دستاویزات پر دستخط ہوئے۔