لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )سپریم کورٹ نے عائشہ احد پر تشدد کے الزام میں حمزہ شہبازاور دیگر ملزموں کیخلاف مقدمہ کرنے کا حکم دے دیا اور آئی جی پنجاب کوعائشہ احدکوتحفظ فراہم کرنے کاحکم دےدیا۔
تفصیلات کے مطابق ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے حمزہ شہباز کی طلبی پر سپریم کورٹ میں جواب جمع کرادیا ان کا کہناتھا کہ حمزہ شہبازبیرون ملک ہیں،3 سے 4 روزمیں پاکستان آجائیں گے۔
چیف جسٹس آف پاکستان نے عائشہ احدپرتشددسے متعلق عدالتی فیصلے پرعملدرآمد نہ کرنے پراظہاربرہمی کیا اوراستفسار کیا کہ سیشن کورٹ نے مقدمہ درج کرنے کاحکم دیاتھا،عملدرآمدکیوں نہیں ہوا؟چیک کریں کیاسیشن کورٹ کاآرڈرہائیکورٹ نے معطل کیاہے؟۔ سیشن کورٹ کاحکم معطل نہیں ہواتوآج ہی درخواست کے مطابق مقدمہ درج کریں۔
عدالت نے درخواست میں نامزدملزمان کیخلاف آج ہی مقدمہ درج کرنے کاحکم دے دیا،درخواست میںحمزہ شہباز ،علی عمران یوسف ،رانا مقبول ،عتیق ڈوگر ،ذوالفقار چیمہ ودیگرکوفریق بنایاگیاہے،عدالت نے عائشہ احدکیخلاف کارروائی کاریکارڈ بھی6 جون تک پیش کرنے کاحکم دے دیا،عدالت نے کہا ہے کہ آگاہ کیاجائے آج تک مقدمہ درج نہ کرنے والے پولیس اہلکاروں میں کون کون شامل ہیں۔