اینٹوں کے بھٹوں پر بھوسے کا استعمال ، شدید قلت ،بھوسے کے سرکاری نرخ مقرر کئے جائیں
جمن شاہ (صبح پا کستان )اینٹوں کے بھٹوں پر بھوسے کا استعمال، جانوروں کی من پسند خوراک بھوسہ نایاب ہو گیا، چھ سو روپے فی من تک فروخت ہونے لگا، مویشی پال حضرات شدید مشکلات کا شکار ہو گئے۔ گندم کی فصل آخری مرحلے میں داخل ہو گئی ہے جس سے ابھی بھوسیکے مارکیٹ میں آنے میں ابھی دو سے اڑھائی ماہ باقی ہیں مگر بھوسے کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے جس سے مویشیوں کا من پسند خشک چارہ ان سے دور ہو گیا ہے۔ گندم کی فصل مارکیٹ میں آنے سے جہاں دو سو روپے فی من بکتا ہے وہیں آج چھ سو روپے فی من تک بھوسہ فروخت ہو رہا ہے جس سے چھوٹے مویشی پال حضرات بھوسہ خریدنے سے دور دکھائی دیتے ہیں۔ مویشی پال حضرات نے احتجاج کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر لیہ، ڈی سی او لیہ سے مطالبہ کیا کہ بھٹوں پر بھوسے کے استعما ل پر پابندی عائد کر کے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھوسے کے سرکاری نرخ مقرر کئے جائیں ۔
نہرتوڑنے کا الزام، محکمہ آبپاشی نے کاشتکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا
جمن شاہ (صبح پا کستان )نہرتوڑنے کا الزام، محکمہ آبپاشی نے چک نمبر 171کے 23کاشتکاروں کے خلاف تھانہ پیر جگی میں مقدمہ درج کرا دیا۔محکمہ آبپاشی سب ڈویژنل بھاگل کے انچار ج محمد زمان بھٹی کی مدعیت میں تھانہ پیر جگی میں درج مقدمہ میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ چک نمبر 171ٹی ڈی اے کے کاشتکاروں محمد اقبال گھمن، اسلم جٹ، انور ارائیں، امجد، ارشد، ولی محمد، محمد اکرم ، عبدالغفور، بابر وریاہ، افضل وریا، شاہد گھمن سمیت 23 کسانوں کے خلاف بھاگل نہر چک نمبر 171میں نہر توڑ کر غیر قانونی طور پر فصلات کو سیراب کرنے کی کوشش کی جس سے سرکاری املاک کو شدید نقصان پہنچا ۔دفعہ 431/430 کے تحت درج مقدمہ میں جان بوجھ کر سرکاری املا ک کو نقصان پہنچایا، پانی چوری کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔دریں اثناء چک نمبر 171ٹی ڈی اے کے مکینوں ، کاشتکاروں نے احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ نہر میں شگاف پڑنے سے ان کی لاکھوں روپے کی فصلات کو نقصان پہنچا الٹا ہمارے خلاف بے بنیاد الزمات عائد کر کے مقدمہ درج کر دیا گیا اور تاوان لگانے کی دھمکی دی جارہی ہے جس کے خلاف ہم عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔
اساتذہ کا احتجاج بے سود ، متعدد سرکاری سکول پیف کے حوالے
جمن شاہ (صبح پا کستان)اساتذہ کا احتجاج بے سود ، محکمہ تعلیم نے ضلع لیہ کے درجنوں سکولوں کی نجکاری کرتے ہوئے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے حوالے کر دیئے، سرکاری اساتذہ میں سخت بے چینی پھیل گئی۔ گزشتہ دو ماہ سے سرکاری سکولوں کی نجکاری کے خلاف اساتذہ کا جاری احتجاج و مذاکرات آخر کار دم توڑگئے اور پنجاب حکومت نے ضلع لیہ کے متعدد سرکاری سکولوں کو پیف کے حوالے کر دیئے اور نئے سال کی کلاسز سکولوں میں پیف کے زیر انتظام شروع کرنے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور سرکاری سکولوں کو پیف کے زیر انتظام چلنے والے پرائیویٹ سکولوں کے سربراہان کے درمیان معاہدے بھی طے پا گئے ہیں ۔ پیر جگی ، لدھانہ، جمن شاہ، کھرل عظیم ، کوٹ سلطان، لیہ کے متعدد سرکاری سکول پیف کے حوالے کئے گئے ہیں جن میں پڑھانے والا سرکاری سٹاف شدید کرب میں مبتلا دکھائی دیتا ہے۔ پنجاب ٹیچرز یونین کے ضلعی صدر منظور خان دورانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سیکرٹری ایجوکیشن سے مرکزی صدر پی ٹی یوسجاد اکبر کاظمی کے مذاکرات ہورہے ہیں جس کے بعد اگلے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ پیٹرن انچیف متحدہ محاذ اساتذہ رانا سلطان محمو دنے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ تعلیم نیو یارک، لند ن کی پالیسیوں پر گامزن ہے جس سے تعلیم کا مذاق اڑایا جار ہا ہے ، اساتذہ ہر فورم پر اپنی آواز اٹھا ئیں گے۔
انجمن تاجران جمن شاہ کے انتخابات کا شیڈول جلد جاری ہو گا
جمن شاہ (صبح پا کستان )انجمن تاجران جمن شاہ کی باڈی کی مدت مکمل ، نئے انتخابات کا شیڈول جلد جاری کرنے کا اعلان۔انجمن تاجران جمن شاہ کے جنرل سیکرٹری رانا قمر احسان، نائب صدر خلیل اختر، فنانس سیکرٹری محمد حنیف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ انجمن تاجران جمن شاہ کی منتخب شدہ باڈی کو آئینی دو سال مکمل ہو گئے ہیں جس پر نئے انتخابات کا شیڈول آئندہ چند روز میں جاری کر دیا جائے گا ۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے دور میں تاجروں کے حقوق کے لئے بڑھ چڑھ کر کام کیا او ر مشکلات کے حل کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے ۔ آنے والے انتخابات میں امیدوار سامنے آنے یا نہ آنے کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
رپورٹ ۔ مہر سرفراز واندر پر یس رپورٹر