کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک ) کراچی میں پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکنا ن کے درمیان ہونے والے تصادم کی وجہ سے متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
کراچی کے گلشن اقبال کے حکیم سعید گراﺅنڈ میں کس کا جلسہ ہوگا ؟اس بات کو لے کر دونوں اپوزیشن جماعتوں کے درمیان بیان بازی کا سلسلہ جاری تھا، اب بات پتھراﺅ اور کیمپ پر حملے تک پہنچ گئی ہے۔پی ٹی آئی اور پی پی پی کے کارکنوں نے ایک دوسرے پر پتھراﺅ کیا ،پی پی پی کے مشتعل کارکنوں نے گراﺅنڈ میں لگے پاکستا ن تحریک انصاف کے کیمپ کو اکھاڑ دیا ہے،جبکہ فائرنگ کی آوازیں بھی سنی جارہی ہیں۔مشتعل اراکین نے وہاں موجود گاڑیوں کو بھی آگ لگا دی ۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہد نے پی ٹی آئی اور پی پی پی کارکنان کے درمیان تصادم کا نوٹس لے لیا۔انہوں نے کہا کہ پی پی پی نے حکیم سعید گراونڈ میں جلسہ کرنے کی اجازت بھی لی ہے، وہاں پی ٹی آئی کا قبضہ کرکے سیاست کرنا مناسب نہیں۔
خیال رہے 12 مئی کو دونوں جماعتوں کی جانب سے گلشن اقبال کے حکیم سعید گراؤنڈ میں جلسے کا اعلان کیا گیا تھا۔ تاہم ڈپٹی کمشنر شرقی نے پی پی پی کو حکیم سعید گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت دے دی ہے۔ڈپٹی کمشنر شرقی کے مطابق پی ٹی آئی نے جلسے کے لیے کوئی درخواست نہیں دی جب کہ پیپلز پارٹی نے 4 مئی کی شام درخواست دی تھی۔