لیہ(صبح پا کستان )پنجاب فوڈ اتھارٹی ضلع لیہ کے خلاف صوبائی نائب امیر جماعت اسلامی چوہدری اصغر علی گوجر کی قیادت میں احتجاجی ریلی و دھرنا ،چھوٹے دکانداروں کے خلاف فوڈ اتھارٹی کی کاروائیاں نہ روکی گئیں تو ڈی سی آفس ،فوڈ اتھارٹی آفس کا گھیراؤ کیا جائے گا،تفصیل کے مطابق گذشتہ روز ہیرا اڈاسے گھوڑا چوک تک صوبائی نائب امیر پنجاب جماعت اسلامی چوہدری اصغر علی گوجر کی قیادت میں ریلی نکالی گئی اور گھوڑا چوک پر احتجاجی دھرنا دیا گیا احتجاجی دھرنا سے چوہدری اصغر علی گوجر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے پنجاب بھر کی عوام پریشانی کا شکار ہے مسلم لیگ ن کی حکومت عوام کو سہولیات دینے کی بجائے نت نئے منصوبوں اور محکمے بنا کرپریشان کرنے کے طریقے اپنا رہی ہے پنجاب بھر میں فوڈ اتھارٹی کا محکمہ بنا کر لوگوں کو صاف ستھری اشیائے خوردونوش کی فراہمی کی آڑ میں روزانہ کی بنیاد پر چھوٹے اور دیہاڑی دار دکانداروں سے کروڑوں روپے جرمانہ کی مد میں موصول کئے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ ریڑھیوں اور چھوٹی دکانوں پر اپنے بچوں کا پیٹ پالنے کیلئے مزدوری کرنے والے عام دکاندار پر 10سے 20ہزار روپے جرمانہ کی سزا کے علاوہ دکانوں کو سیل کردیا جاتا ہے جس کو کھلوانے کیلئے لاہور کے تین سے چار چکر غریب آدمی کے لگوا دیئے جاتے ہیں جس کی وجہ سے غریب دکاندار شدید پریشان ہیں ،حکومت پنجاب پہلے صوبہ بھر میں سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے اس کے بعد لوگوں اور دکانداروں سے دیگر مطالبات کرے اگر حکومت پنجاب اور ڈسٹرکٹ فوڈ اتھارٹی نے ہوش کے ناخن نہ لئے اور اپنی ناجائز کاروائیاں نہ روکیں تو ڈی سی آفس اور فوڈ اتھارٹی آفس کا گھیراؤ کیا جائے گا ،اس موقع پر عوامی راج پارٹی کے ضلعی صدر اسحاق دستی نے بھی خطاب کیا ،احتجاجی دھرنا میں ضلع بھر کے کثیر تعداد لوگوں دکانداروں نے شرکت کی اور ایک گھنٹہ تک گھوڑا چوک کو چاروں طرف سے بلاک کردیا جس کی وجہ سے جنرل بس اسٹینڈ سے آنے جانے والی ٹریفک کو شدید دشواری کا سامنا رہا ۔