ڈیرہ غازیخان (صبح پا کستان ).کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن احمد علی کمبوہ نے زیر تعمیر ڈیرہ تا مظفرگڑھ دو رویہ سڑک کا معائنہ کیا اور کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایات جاری کیں . انہوں نے کہاکہ یہ مفاد عامہ کا منصوبہ ہے بروقت تکمیل کے ساتھ ساتھ معیار کو برقرار رکھا جائے . ٹریفک کی روانی کیلئے لائحہ عمل مرتب کیا جائے تاکہ کسی کو تکلیف نہ ہو . انہوں نے کہاکہ اس شاہراہ پر بھاری گاڑیوں اور ٹریفک کا ہجوم رہتا ہے اس لیے عوام کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے دن رات کام کیا جائے . کمشنر کو بتایاگیا کہ ضلع ڈیرہ غازیخان میں 22.60کلو میٹر روڈ کو دو رویہ کیاجارہاہے اور اب تک دونوں سائیڈوں پر تقریبا تین کلومیٹر اسفالٹ مکمل کر لیاگیاہے اور 24گھنٹے بعد اس پر ٹریفک چلنے کی اجازت دی جاتی ہے . ایس ای پراونشل ہائی وے سہیل اکرم و دیگر نے بتایاکہ ڈیرہ تا مظفرگڑھ لیفٹ سائیڈ پر 15کلو میٹر ارتھ ورک اور سب بیس مکمل کرنے کے ساتھ 11کلو میٹر بیس اور ڈیڑھ کلو میٹرسفالٹ کرلیاگیاہے اسی طرح رائیٹ سائیڈ پر ساڑھے چھ کلو میٹر ارتھ ورک ، سب بیس اور بیس کرنے کے ساتھ تین کلو میٹر سفالٹ کر لیاگیاہے . حکومت پنجاب کی طرف سے 50فیصد فنڈز ڈیڑھ ارب روپے فراہم کیے گئے ہیں اور امید ہے کہ آئندہ ماہ کے اوائل تک ڈیرہ غازیخان کا بیشتر حصہ سفالٹ کر لیا جائے گا. اس موقع پر ایس ڈی او گلفام سمیت متعلقہ افسران موجود تھے .