لیہ (صبح پا کستان ) ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ نے کہا ہے کہ شہریوں کو اے ٹی ایم سکمنگ (فراڈ) سے بچانے کے لیے متعلقہ بنک جامع حکمت عملی تیار کریں۔انہوں نے یہ بات انسداد اے ٹی ایم سکمنگ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر اے ڈی سی جی محبوب احمد،ڈی ایس پی صدر طاہر مقصود،بنک مینجرز ،انچارج سیکورٹی عظمت اللہ اور متعلقہ افسران موجو د تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام بنک مینجرز اے ٹی ایم کے احاطہ میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور مانیٹرنگ کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں سیکورٹی گارڈ ز اور کسٹمرز کو بھی آگہی دی جائے۔انہوں نے کہا کہ اے ٹی ایم پر موجود گارڈز کو ایسی ممکنہ جگہوں کی چیکنگ کرنے کی تربیت دی جائے جہاں کارڈ سکیننگ کے لیے کوئی خفیہ آلات لگاسکتا ہو۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع لیہ میں ابھی تک اے ٹی ایم سکمنگ کاکوئی کیس سامنے نہیں آیااور اس فراڈ کے انسداد کے لیے بنک کا شعبہ آئی ٹی مختلف زایوں پر کام کررہا ہے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ کسٹمرزکی بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعہ اکاونٹ تک رسائی کے پروگرام پر کام جاری ہے جس سے اے ٹی ایم سکمنگ جیسے سائبر کرائم کا تدارک ممکن ہوسکے گا۔