تھل جیپ ریلی ۔لیہ تھل میلہ
تحریر ۔نثار احمد خان
میلہ سنسکرت زبان کا لفظ ہے جس کے معنی عوا م کا اکٹھ ہے۔برصغیر میں تقسیم سے قبل جو میلے منعقد کیے جاتے تھے کم و پیش آج کے اس جدید دور میں بھی منعقد ہورہے ہیں ۔میلوں کی بیسیوں اقسام ہیں جن میں علاقائی ،ثقافتی ،آرٹ اور سپورٹس میلے شامل ہیں ۔کچھ میلے بدلتے موسم اور فصلوں کی بٹائی سے جڑے ہوئے ہیں جیسا کہ بیساکھی کا میلہ تاہم ان سب کا مقصد صرف ایک ہی ہے کہ عوام کا میل جول اور امن و محبت کا فروغ ۔ضلع لیہ اس حوالے سے خوش نصیب ہے کہ یہاں ایک ایسے میلہ کا آغاز ہو چکا ہے جس میں سپورٹس،فن فنکار، کلچر ،علاقہ کی شناخت اور سب سے بڑھ کر علاقہ مکینوں کی معاشی حالت زار کو بدلنے کے مواقع کو یکجا کر دیا گیا ہے۔یہ ایک ایسی مثبت تفریح اور تبدیلی ہے جو مستقبل میں اس ضلع کی نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں شناخت بنے گی اور اس صحت مند سرگرمی کا کریڈٹ بلاشبہ ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ کے نام جاتا ہے جن کی کوششوں اور کاوشوں سے تھل جیپ ریلی اور لیہ تھل میلہ کا انعقاد ممکن ہوا ۔
گزشتہ سال جب اس ایونٹ کو شروع کیا گیا تو عموماًیہ خیال تھاکہ چوبارہ کے ریتلے ٹیلوں میں کون تفریح کا سامان کرے گااور کون دیوانہ وہاں جائے گالیکن پھر ہم نے دیکھا کہ پہلے ہی سال عوام کا جم غفیر موجو د تھا۔تین روزہ میلہ کے تینوں دن شائقین نے میلہ میں شرکت کی۔ایک انداز ہ کے مطابق بے سروسامانی کے عالم میں شروع کیے گئے پہلے لیہ تھل میلہ میں 30ہزار لوگوں نے شرکت کی جوآئندہ میلے کی کامیابی کی نوید سناگئے ۔
امسال ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب کے زیر اہتمام سکینڈ تھل جیپ ریلی کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں۔18نومبر کو کوالیفائنگ راؤنڈجبکہ 19نومبر کو تھل جیپ ریلی ہوگی جو ہیڈ محمد والا سے شروع ہوکر واپس وہیں اختتام پذیر ہوگی جبکہ تحصیل چوبارہ میں ضلع لیہ میں اس کا مڈ پوائنٹ مقرر کیا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن لیہ نے مڈ پوائنٹ پر ریسرزکے استقبال کے لیے 3روزہ میلہ کا اہتمام کیا ہے جس کا افتتاح 17نومبر کو ہو گا ۔لیہ تھل میلہ میں عوامی تفریح کے لیے رنگا رنگ پروگرام شامل کیے گئے ہیں ۔17نومبر کو پرچم کشائی ،سٹیج پرفارمنس ،والی بال میچ،نیزہ بازی،پتنگ بازی ،18نومبر کو دنگل میچ ،محفل مشاعرہ اور محفل موسیقی کا اہتمام ہو گا۔میلہ کے آخری روز 19 نومبر کو کبڈی میچ،جیپ ریسرز کی آمد ،سٹیج پرفارمنس اور اختتام پرنمایاں کارکردگی کے حامل شخصیات کو شیلڈز اور تعریفی اسناددیے جائیں گے۔
اس طرح کے ایونٹ ایک حوصلہ افزاء بات ہے ۔انسان روزمرہ کے کاموں سے اکتا کرتفریح طبع کے طریقے تلاش کر تا ہے میلے ٹھیلے اس تفریح طبع کا اہم ذریعہ ہیں جو انسان کو یکجاطور پر مختلف تفریح فراہم کرتے ہیں ۔لیہ تھل میلہ و جیپ ریلی یقینالیہ کے باسیوں کے لیے مستقبل میں ایک تفریح کا بڑا ایونٹ ثابت ہوگی۔
بقول شاعر۔
زندگی زندہ دلی کا نام ہے۔