کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) ایم کیو ایم پاکستان اور پاک سر زمین پارٹی نے سیاسی اتحاد کا اعلان کردیا ہے، ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہا ہے کہ دونوں پارٹیوں کے درمیان کافی عرصے سے مشاورتی عمل جاری تھا اور ہم نے فیصلہ کیا کہ ہم سندھ بالخصوص کراچی کے مسائل کو حل کرنے کے لئے اتحاد قائم کیا جائے کیوں کہ کراچی، سندھ اور پاکستان کے مسائل کو حل کرنے کے لئے ایم کیو ایم اور پی ایس پی کا اتحاد بہت ضروری ہے ، متحدہ پاکستان اور پاک سرزمین پارٹی کی قیادت نے سندھ اور کراچی کے ووٹ بینک کی تقسیم ، تشددکی سیاست کو روکنے، کراچی کے امن کو دیرپا امن میں تبدیل کرنے ، کسی بھی سیاسی اختلاف کو ختم کرتے ہوئے بد امنی کو روکنے کے لئے ہی سیاسی اتحاد کا فیصلہ کیا ہے، ہماری خواہش ہے کہ مہاجر قومی موومنٹ اور ایم آئی ٹی بھی اس اتحاد کا حصہ بنیں ، آئندہ انتخابات میں ایم کیو ایم اور پی ایس پی ایک نام ، منشور اور ایک نشان کے تحت الیکشن لڑیں گے جبکہ اتحاد کے نام کا اعلان اگلے چند دنوں میں کردیں گے۔