نوشہرہ(ما نیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ قائداعظم کے کہنے پر پختونوں نے کانگریس کو شکست دی تھی اب پختونوں نے بی جے پی کو شکست دینی ہے ، ہم نے پختونوں کو شناخت اس لیے دی کہ بھارت پختونخوا میں نہ گھسے، پختون اپنی شناخت پاکستان کیساتھ رکھے،کسی کے ساتھ نہ جڑے۔ تحریک انصاف اور اے این پی محض دکھاوے کی سیاست کر رہے ہیں اور یہ مک مکا کی سیاست کرتے ہیں ، غیرت مند پختون ان کے بھکاوے میں نہ آئیں ۔
مانکی شریف میں پیپلز پارٹی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ میں پرویز خٹک کو اچھی طرح جانتا ہوں یہ میرے دفتر میں بیٹھا کرتے تھے، اس وقت میں پرویز خٹک کے گاﺅں میں موجود ہوں، ان سے ایک گاﺅں نے بن سکا یہ نیا پاکستان کیا بنائیں گے۔ہمارے پیارے پاکستان کو اس وقت اندرونی اور بیرونی دشمنوں سے شدید خطرہ ہے اور اس خطرے سے نپٹنے کے لئے پختون سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہو سکتے ہیں ، اس لئے ہمیں پختونوں اور پختون روایات کی قدر کرنی ہے۔ بھارت میں مسلمانوں پر انتہا پسند بی جے پی انتہائی مظالم برداشت کر رہی ہے، مسلمان ان کے خوف سے اسے ووٹ ڈالتے ہیں۔پاکستان پیپلز پارٹی نے پختونوں کو شناخت دے کر کوئی احسان نہیں کیا بلکہ انہیں اپنا بھائی مانا ہے، خیبرپختونخوا کے معدنیات کا ٹھیکہ پرویز خٹک نے اپنے بھائی کو دے کر پختونوں کے وسائل پر قبضہ کیا ہے جبکہ ترقیاتی منصوبوں سے بھی انہون نے یہاں کے عوام کو محروم رکھا ہے۔
آصف زرداریکا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت میں اتنی لوڈشیڈنگ اور ہر قسم کا فراڈ ہے، جن کو ہم نے نوکریاں دیں، ان لوگوں انہیں نکالا، ہم نے ہزاروں لوگوں کو ہائیکورٹ سے بحال کرایا، یہ لوگ ہر قسم کا سیاسی انتقام لیتے ہیں۔پی ٹی آئی مک مکا کی سیاست کرتی ہے، سینیٹ میں اے این پی اور پی ٹی آئی نے حکومت کو ووٹ دیا، یہ لوگ دکھاوے کی سیاست کرتے ہیں ان کی ہر چیز میں دکھاوا ہے، انہوں نے خیبر بینک نہیں چھوڑا۔
source…
http://dailypakistan.com.pk/national/11-Oct-2017/657550