ڈیرہ غازیخان (صبح پا کستان)تونسہ شریف ڈیرہ غازیخان میں دانش سکول کے تعمیراتی کام کا آغاز کر دیاگیاہے . منصوبہ کیلئے 300ایکڑ رقبہ مختص . ایک ارب 64کروڑ روپے کا تخمینہ لگایاگیاہے. سنگ بنیاد کیلئے وزیر اعلی پنجاب کی آمد متوقع ہے . دانش سکول اتھارٹی لاہو رکی اعلی سطحی ٹیم نے ڈیرہ کا دورہ کیا. ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان اللہ رکھا انجم نے اس سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہاکہ تعمیراتی کمپنی سکوپ آف ورک کے مطابق ٹائم لائن دے جس کی کڑی نگرانی کی جائے گی. مٹیریل کے معیار پر ہرگز سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا. چیف آپریٹنگ آفیسر چودھری ظہور حسین گجر ، جنرل منیجر آپریشن دانش سکول اتھارٹی بلال خالد نے اجلاس میں بتایا کہ عمارت کا ڈیزائن تیار کر لیاگیاہے . پانچ پیکجز پر کام کیا جائے گا. بیشتر کے ورک آرڈرجاری کر دیئے گئے ہیں . دانش سکول ڈیرہ غازیخان کی عمارت میں رہ جانے والی خامیوں کو اس منصوبہ کے ڈیزائن میں دور کر لیاگیاہے . اکیڈمک و ایڈمن بلاکس کے علاوہ چار دیواری ، سکیورٹی چیک پوسٹس ، کیفے ٹیریا ، یوٹیلٹی شاپس ، مسجد ، واٹر فلٹریشن پلانٹ ، رہائش گاہیں ، کھیل کے گراونڈز ، روڈز ، سیوریج ، واٹر سپلائی سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی . تونسہ میں دانش سکول کی تکمیل سے ضلع میں دانش سکول کی تعداد دو ہو جائے گی . اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس سرفراز مگسی ، پرنسپل دانش سکول ڈیرہ و ایڈمن آفیسر بالترتیب کرنل (ر) افتخار حسین ، میجر(ر) سرور کے علاوہ لینڈ آفیسر نیاز حسین ، حبیب لغاری ، ذوالقرنین ، فرمان علی ، ظریف خان ، عامر اقبال سمیت دیگر متعلقہ افسران شریک تھے .