لاہور(مانیٹرننگ ڈیسک )این اے 120کے ضمنی انتخاب میں آنے والے 220 پولنگ سٹیشن کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کی امیدوار اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز نے تحریک انصاف کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد کو شکست دے کر انتخابی معرکہ سر کر لیا ہے ۔
55976ووٹ لیکر سب سے آگے ہیں جبکہ تحریک انصاف کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد 42431 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر آ گئی ہیں ،آنے والے 205 پولنگ سٹیشنوں کے نتائج کے بعد بیگم کلثوم نواز 13545 ووٹوں کی برتری حاصل کئے ہوئے ہیں جبکہ 15 پولنگ سٹیشنز کے نتائج آنا ابھی باقی ہیں جبکہ اب تک کے آنے والے نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی چوتھے نمبر پر جبکہ جماعت اسلامی کہیں نظر نہیں آ رہی تاہم نئی نویلی سیاسی جماعت ملی مسلم لیگ کے حمایت یافتہ آزاد محمد یعقوب شیخ 4021 ووٹ حاصل کر کے تیسرے نمبر پر ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار فیصل میر صرف 2313 ووٹ ہی حاصل کر سکے ہیں ۔سابق وزیر اعظم نواز شریف کی نا اہلی پر خالی ہونے والی اس سیٹ پر آج ملکی تاریخ کے بڑے انتخابی معرکے میں مسلم لیگ نون ،تحریک انصاف ، پیپلز پارٹی ،ملی مسلم لیگ ،جماعت اسلامی سمیت دیگر امیدوارمیدان میں ہیں جبکہ این اے 120 میں اصل مقابلہ حکمران جماعت مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان ہے ، پولنگ کا وقت 5بجے ختم ہونے کے بعد گنتی کا عمل تیزی کے ساتھ جاری ہے اور مختلف پولنگ سٹیشن سے مسلسل نتائج آ رہے ہیں ، دوسری طرف جیسے جیسے نتائج آ رہے ہیں مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کارکنوں میں جوش و خروش بڑھتا جا رہا ہے ۔
نجی ٹی وی ’’سٹی فورٹی ٹو‘‘ کے مطابق این اے 120 میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے 205 پولنگ سٹیشنز کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق بیگم کلثوم نواز نے میدان مارتے ہوئےپچپن ہزار نو سو چھہترووٹ لیکر سب سے آگے ہیں جبکہ تحریک انصاف کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد بیالیس ہزار چار سو اکتیس ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر ہیں ۔اب تک کے آنے والے 205 پولنگ سٹیشن کے نتائج کے مطابق بیگم کلثوم نواز ڈاکٹر یاسمین راشد سے تیرہ ہزار پانچ سو پنتالیس ووٹوں کی برتری حاصل کئے ہوئے ہیں،جبکہ مجموعی طور پر این اے 120 میں ٹوٹل 220 میں سے 15 پولنگ سٹیشن کے نتائج آنا باقی ہیں ۔
واضح رہے کہ آج ہونے والے اس تاریخی انتخابی دنگل میں پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد گنتی کا عمل جاری ہے جبکہ حلقے میں پولنگ صبح آٹھ بجے شروع ہو ئی جو کہ بغیر وقفے کے شام پانچ بجے تک جاری رہی ، اس دوران مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کارکنان کے درمیان تلخ کلامی اور معمولی لڑائی جھگڑے کے واقعات بھی سامنے آئے جبکہ پولنگ سٹیشن کے اندر اور باہر پاک فوج اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات رہی، پولنگ کے عمل کو شفاف بنانے کے لئے ووٹرز کے لئے قومی شناختی کارڈ لازمی قرار دیا گیا تھا ۔ این اے 120 میں کل3لاکھ 21ہزار 786ووٹرزرجسٹرڈ ہیں جس میں مرد ووٹرزکی تعدادایک لاکھ 79ہزار 642 جبکہ خواتین ووٹرزکی تعدادایک لاکھ 42ہزار 144ہے،الیکشن کمیشن کی جانب سے حلقے میں کل 220پولنگ سٹیشنزبنائے گئے تھے جبکہ پولنگ بوتھ کی تعداد 573تھی،جن میں مردوں کیلئے 312اورخواتین کیلئے 261پولنگ بوتھ بنائے گئے جبکہ 19پولنگ سٹیشنزمشترکہ بنائے گئے تھے۔انتخابی نتائج آنے کے ساتھ ساتھ حلقے میں ’’جنون اور نون‘‘ کے کارکنوں کی بڑی تعداد موجود ہے اور جیسے جیسے نتائج آ رہے ہیں دونوں جماعتوں کے کارکنوں میں جوش جذبہ بڑھتا جا رہا ہے ۔
source..
http://dailypakistan.com.pk/national/17-Sep-2017/644270