راولپنڈی (مانیٹرننگ ڈیسک) سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ کروڑوں عوام کے ووٹوں سے منتخب وزیر اعظم کو چند افراد ایک منٹ میں ختم کردیتے ہیں ، پنڈی کے عوام نے ثابت کردیا ہے کہ انہیں میرے خلاف فیصلہ قبول نہیں ہے ، یہ فیصلہ عوام کی ووٹوں کی توہین ہے، پاکستان کے اندر 70سالوں سے جو کچھ ہو رہا ہے یہ عوام کے ووٹوں کی توہین ہے، کسی وزیر اعظم کو پھانسی پر لٹکا دیا گیا کسی کو ہتھکڑیاں لگائیں گئیں اور کسی کو جلا وطن کردیا گیا ہے، مجھے اقتدار کی خواہش نہیں ہے ، میں پاکستان کی خدمت کرنا چاہتا ہوں ، عوام کی عدالت نے آج فیصلہ سنا دیا ہے ، ہم نے ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کردیا ہے، آج اپر دیر میں پاک فوج کے جوانوں پر حملہ ہوا ہے اور جوان شہید ہوئے ہیں میں پاک فوج کے شہدا کو سلام پیش کرتا ہوں۔
سابق وزیر اعظم نوا ز شریف کا مشن جی ٹی روڈ پر روانہ قافلہ کمیٹی چوک پہنچ گیا ہے ، کمیٹی چوک پر خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ راولپنڈی کے لوگوں نے مجھے جو آج محبت دی ہے وہ محبت مجھے ملک میں کہیں بھی نہیں ملی۔میرے پاس الفاظ نہیں ہیں کہ میں آپ کی محبت کو بیان کر سکوں ، میرا دل چاہتا ہے کہ پنڈی کی جی بھر کر ختم کروں کچھ لوگ پنڈی کے باسی ہونے کے دعوے کرتے ہیں لیکن میں انہیں یہ بات بتادوں کہ راولپنڈی نواز شریف کا شہر ہے اور یہ مسلم لیگ(ن) کا شہر ہے۔ راولپنڈی انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوتا ہے۔
انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب 2013ءمیں مسلم لیگ(ن) کی حکومت آئی تو سٹاک مارکیٹ 19ہزار پر تھی ہم نے چار سالوں میں اسے 49ہزار تک پہنچا دیا ہے اور جب سے عدلیہ کا فیصلہ آیا ہے سٹاک مارکیٹ میں 10ہزار کی کمی ہوگئے ہیں۔مسلم لیگ (ن) نے ملک میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا اور ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ دیا ہے۔اس ملک کے عوام نے ہر دور میں وزرائے اعظم کو مینڈیٹ دے کر بھیجا مگر چند لوگ صرف ایک منٹ میں انہیں گھر بھیج دیتے ہیں۔مجھ پر جب کوئی الزام ثابت نہیں ہوا تو محض تنخواہ نہ لینے کا کہہ کر مجھے گھر بھیج گیا۔ اللہ کے فضل سے میرے ہاتھ صاف ہیں، ان ججوں نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف کرپشن کا کوئی کیس نہیں، کیس تو دور کی بات، کوئی داغ اور الزام بھی نہیں، اس فیصلے کا فیصلہ آپ پر اور تاریخ پر چھوڑتا ہوں، اس ملک کے اندر قانون کی حکمرانی کے بغیر عزت کی زندگی نہیں مل سکتی، اس ملک کو ان تمام مسائل سے نجات دلانے کے لئے ایک نقشہ پیش کرونگا، میں ہر گز آپ سے یہ توقع نہیں کرتا کہ آپ مجھے بحال کرائیں، اس ملک کی ترقی اور بہتر مستقبل کے لئے نواز شریف کا ساتھ دیں، کیا آپ ملک کی تقدیر بدلنے کے لئے نواز شریف کا ساتھ دینگے؟ میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ اقتدار کی لالچ کے بغیر غریبوں کی قسمت بدلیں گے۔ میرے خلاف الزامات یا مجھے کام سے روکنے میں جو جو بھی عوامل کار فرما تھے اس کا فیصلہ تاریخ نے کرنا ہے۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ جب 1999ءمیں مجھے گھر بھیجا گیا تو موٹروے لاہور تک تھی،2013ءتک موٹروے کا ایک میٹر بھی آگے نہیں بڑھایا گیا مگر مسلم لیگ (ن) نے موٹروے کو کراچی تک پہنچا دیا ہے ، موٹروے کا بیشتر حصہ 2018ءاور 19ءمیں مکمل ہو جائے گا، بلوچستان میں سڑکوں کا جال بچھایا ہے۔
نواز شریف نے شرکائے جلسہ سے وعدہ لیتے ہو ئے کہا کہ میرے بھائیو! وعدہ کرو اپنے مینڈیٹ کا احترام کرواو¿ گے، کسی کو اس مینڈیٹ پر شب خون مارنے کی اجازت نہیں دو گے اور اپنے ووٹ کے تقدس کا خیال رکھو گے، وعدہ کرو کہ اپنے وزیر اعظم کی تذلیل اور بے عزتی نہیں ہونے دو گے۔مجھے وزیر اعظم بننا یا اقتدار میں آنے کو کوئی شوق نہیں ہے میں اب عوام کے ساتھ رہ کر بہتر پاکستان بنانے کے لئے منصوبہ بندی کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم پاکستان کے بہترین مفاد میں کام کر رہے ہیں، پاکستان کو بدلنا ہو گا، مینڈیٹ کا احترام نہیں ہو گا ترقی نہیں ہو گی۔
اس سے قبل سابق وزیراعظم نواز شریف مشن جی ٹی روڈ پر نکلے پہلے دن کے سفر میں قافلے کی رفتار 1.6کلومیٹر فی گھنٹہ رہی جس کے باعث پنجاب ہاوس اسلام آباد سے نکلنے کے بعد کمیٹی چوک تک کے22کلومیٹر کے فاصلے کو 14 گھنٹوں میں طے کیا گیا،کمیٹی چوک پر خطاب کے بعد نوازشریف راولپنڈی کے پنجاب ہاوس میں قیام کیلئے پہنچ گئے ہیں جہاں وہ آج صبح 11 بجے دوبارہ لاہور کے سفر کیلئے روانہ ہو ں گے۔مشن جی ٹی روڈ کے آغاز میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سابق وزیراعظم کو گلے لگا کر رخصت کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنماﺅں اور کارکنوں کی بڑی تعداد پنجاب ہاﺅس اسلام آباد میں موجود تھی۔ سابق وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں ریلی کو آج صبح 10 بجے پنجاب ہاوس اسلام آباد سے لاہور کے لیے روانہ ہونا تھا لیکن ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر کے بعد سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما پنجاب ہاوس سے نکلے۔ روانگی سے قبل نواز شریف کی سلامتی کے لیے 5 بکروں کا صدقہ دیا گیا جبکہ صدر ممنون حسین اور نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے بھی انہیں فون کر کے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
source…
http://dailypakistan.com.pk/national/10-Aug-2017/623219