اسلا م آباد (ما نیٹرننگ ڈیسک )سپریم کورٹ ملکی تاریخ کے سب سے بڑے کیس پاناما کا فیصلہ آج سنا ئے گی ,یہ فیصلہ سپریم کورٹ کا پانچ رکنی لارجر بینچ سنائے گاجس میں جسٹس آصف سعید کھوسہ،جسٹس اعجاز افضل خان ،جسٹس گلزار احمد، جسٹس عظمت سعید اور جسٹس اعجاز الحسن شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کی طرف سے کل جاری کئے گئے اعلامیہ کے مطا بق کیس کافیصلہ آج صبح ساڑھے گیارہ بجے سنایا جائے گا ۔واضح رہے کہ 20اپریل کو سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ میں سے دو ججز نے نوازشریف کو نااہل قرار دیتے ہوئے فیصلہ دے دیا تھا تاہم 3 فاضل ججز کی رائے تھی کہ مزید تحقیقات ہونی چاہیے جس کے بعد جے آئی ٹی تشکیل دی گئی اور جے آئی ٹی کی جانب سے 10جولائی کو رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروائی گئی تھی ۔سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی کی رپورٹ آنے پر پانچ سماعتوں کے بعد 21جولائی کو تین رکنی بینچ نے فیصلہ محفوظ کر لیا تھا جو کہ آج صبح ساڑھے گیارہ بجے سنایا جائے گا ۔سپریم کورٹ کا پانچ رکنی لارجر بینچ یہ فیصلہ سنائے گا۔