ڈیرہ غازی خان:(صبح پا کستان) ڈپٹی میئر شیخ اسرار احمد کی زیر صدارت ہو نے والے میونسپل کارپوریشن ڈی جی خان کے اجلاس میں معزز ایوان نے میونسپل کارپوریشن ڈیرہ غازی خان کے مختلف ٹھیکہ جات وغیرہ برائے سال 2017-18 کی منظوری دی اور میونسپل کارپوریشن کے زیر سماعت مقدمات کی پیروی میں عدم دلچسپی کا مظاہر ہ کرنے پر کارپوریشن کے لیگل ایڈوائزر کی فوری تبدیلی اور نیا لیگل ایڈوائزر مقرر کرنے کی معزز ایوان نے منظوری دی ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی میئر شیخ اسرار احمد نے کہا کہ 12 لاکھ نفوس پر مشتمل آبادی کیلئے میونسپل کارپوریشن ڈیرہ غازی خان میں صرف 150 اہلکارتعینات ہیں جو کہ کسی بھی اعتبارسے اتنی بڑی آبادی والے شہر میں صفائی و ستھرائی کی صورت حال کو بہتر بنانے کیلئے نہایت کافی ہیں ۔صفائی و ستھرائی کی شہر میں ابتر صورت حال کو سامنے رکھتے ہوئے میئر ڈی جی خان شاہد حمید چانڈیہ کی کاوشوں سے حکومت پنجاب نے سینی ٹیشن کے شعبہ کیلئے مزید 70 اہلکار بھرتی کرنے کی اجازت دے دی ہے آئندہ چند روز میں ان ملازمین کی بھرتی کا عمل مکمل کرلیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں شہریوں کو پینے کے پانی کی فراہمی کے مسائل کا سامنا تھا جسے موجودہ دور میں نہایت بہتر کرلیا گیا ہے ۔ڈپٹی میئر شیخ اسرار احمد نے کہا کہ جلد ہی شہر کی صفائی و سیوریج کے مسائل پر قابو پالیا جائے گا۔اجلاس سے معزز اراکین شاہد مشتاق بغلانی ،ظفر طاہر مستوئی،ملک فہیم امجد،حافظ احمد حسن (ایڈووکیٹ)،شیخ عمران حمید سنامی،ملک خالد محمود اور شیر باز خان بزدار نے خطاب کرتے ہوئے کنونیئر کمیٹیوں کی فوری تشکیل پر زور دیااس موقع پر دیگر ممبران سیدعمران شاہ ، سلیم الیاس ،سید دلاور شاہ،اسلم خان کھلول ،سرمد سلیم خوجہ، ثمینہ سرور، زاہدہ قریشی (ایڈووکیٹ) سمیت میونسپل کارپوریشن کے آفیسران بھی موجود تھے۔