لیہ( صبح پا کستان) جمعیت علماء اسلام ضلع لیہ کے جنرل سیکرٹری قاری منور حسین نے ایک بیان میں رکن صوبائی اسمبلی چوہدری اشفاق احمد کے گزشتہ روز فوارہ چوک میں کرپشن کے خلاف دھرنا دیے جانے اور احتجاج کو غلط اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومتی رکن ہونے کے باعث چوہدری اشفاق احمد کرپٹ افسران کے کرتوتوں سے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور دیگر اعلیٰ حکام کو آگاہ کرنا چاہیے تھا اور اگر کوئی بات نہ بنتی تو پھر اسمبلی کے فورم پر احتجاج کرتے ،اپوزیشن جماعتوں کی حمایت بھی انہیں حاصل ہوتی ۔قاری منور حسین نے ضلعی انتظامیہ خصوصاً ڈی پی او لیہ پر بھی زور دیا کہ وہ بھی ٹریفک پولیس کے غریب ،مزدور پیشہ افراد کے موٹر سائیکلوں اور رکشہ ڈرائیوروں کے بلا وجہ بھاری چالانوں کا بھی نوٹس لیں اور یہ احتجاج بھی اس کا شاخسانہ تھا انہوں نے کہا کہ غریب مزدور سارا دن محنت کر کے روزی کمائے اور پھر انہیں لوٹ لیا جائے تو وہ احتجاج کرنے پر مجبور ہوجاتا ہے اور جرائم بھی اسی وجہ سے جنم لیتے ہیں ۔