ڈیرہ غازیخان(صبح پا کستان) دارلاطفال ڈیرہ غازیخان میں مقیم یتیم بچوں کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیاگیا. اس موقع پر ہمت آرگنائزیشن کے ادارہ روشن مستقبل سکول میں زیرتعلیم بچوں کے سالانہ نتائج کا بھی اعلان کیاگیا. ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر فاروق احمد ، سجاد غوث ، پروفیسر غلام شبیر قاسم ، چیئرپرسن ہمت آرگنائزیشن ڈاکٹر شاہینہ نجیب کھوسہ انفارمیشن آفیسر محمد جنید جتوئی ، انچارج دارالاطفال زرینہ بی بی ، ٹرینر گرلز گائیڈ آسیہ پروین ، اساتذہ عذرا ، ریحانہ اور دیگر نےمختلف جماعتو ں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے . قبل ازیں بچوں کی تفریح کیلئے میجک شو ، پتلی تماشا اور دیگر پروگرام پیش کیے گئے. دارلاطفال میں بچوں کے کھلونے ،سلائیڈ ،ٹرین اور دیگر تفریح کا سامان مہیا کیاگیاتھا . تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر فاروق احمد نے کہاکہ یتیم بچو ں کی تعلیم و تربیت ہم سب کی ذمہ داری ہے . کردار سازی سے معاشرے کے ستائے اور بے سہارا بچوں کو فعال شہری بنایاجاسکتاہے اور اس سلسلے میں ڈاکٹر شاہینہ نجیب کھوسہ کی غیر سرکاری تنظیم ہمت آرگنائزیشن اہم کردارادا کر رہی ہے . اس موقع پر ڈاکٹر شاہینہ نجیب کھوسہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا.