راولپنڈی(مانیٹرننگ ڈیسک )پاک فوج نے ملک بھر میں آپریشن ’ردالفساد‘ کا اعلان کر دیاہےجس کا مقصد ملک بھر میں دہشتگردوں کا بلاتفریق خاتمہ ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن ردالفساد کا مقصد اب تک حاصل کی جانے والی کامیابیوں اور سرحدی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہناتھا کہ ملک بھرکواسلحہ سے پاک کرنا،بارودی موادپرکنٹرول اس آپریشن کااہم جزو ہیں جبکہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد اس آپریشن کا طرہ امتیاز ہو گا ۔آئی ایس پی آر کے مطابق پنجاب میں رینجرزکے انسداددہشتگردی آپریشنزبھی ردالفساد کاحصہ ہیں، قانون نافذکرنیوالے ادارے بھی دہشتگردوں کے خاتمے کے آپریشن کاحصہ بنیں گے۔آپریشن میں تینوں مسلح افواج پاک فوج ،بحریہ ،فضائیہ سمیت سول آرمڈ فورسز بھی حصہ لیں گی اور دہشتگردوں کا خاتمہ کیا جائے گا ۔
واضح رہے کہ اس سے قبل حکومت اور کالعدم تحریک طالبان کے درمیان امن مذاکرات کی ناکامی اور کراچی ایئرپورٹ پر حملے کے بعد پاک فوج نے جون 2014 میں شمالی وزیرستان سے آپریشن ’’ضربِ عضب‘‘ کا آغاز کرتے ہوئے تحصیل میرعلی کو دہشت گردوں سے خالی کروانے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کا دائرہ کار شمالی وزیرستان کے دوردراز علاقوں تک بڑھا دیا تھا۔بعد ازاں خیبر ایجنسی اور ملحقہ علاقوں میں آپریشن ’’خیبر ون‘‘ اور ’’خیبر ٹو ‘‘ کے تحت سیکیورٹی فورسز نے اپنی کارروائیاں مزید تیز کردیں تھیں ۔اس سے پہلے 2009 میں پاک فوج نے جنوبی وزیرستان میں بیت اللہ محسود کے گروپ کے خلاف فوجی کارروائی کا آغاز کیا تو اسے ’’آپریشن راہ نجات‘‘ کا نام دیا گیا تھا۔
source…
http://dailypakistan.com.pk/national/22-Feb-2017/531238