ڈویژنل آرٹس کونسل کی سرگرمیوں کادائرہ کار ڈویژن سے ضلعی سطح تک پھیلایا جارہا ہے ۔خان محمد اسد شہزاد
لیہ (صبح پا کستان)ادباء وشعرا ء کرام کے کلام سے شہریوں کو مستفید کرنے اور ترویج وترقی کے لیے مواقع کی فراہمی عصرحاضر کا اہم تقاضا ہے جسے کماحقہ پورا کرنے کے لیے پنجاب حکومت ضلع سطح پر مشاعروں و تصانیف کی نمائش کے ذریعے کوشاں ہیں تاکہ نوجوان نسل کو پرامن معاشرئے کے قیام کی جانب اُٹھائے گئے اقدامات سے آگاہی دی جاسکے اور ڈی جی خان کے زیر اہتمام ڈی جی خان آرٹس کونسل کے زیر اہتمام محفل مشاعرہ کا انعقاداسی وسیع ترسلسلہ کی عملی کڑی ہے۔یہ بات ریذیڈنٹ ڈائریکٹر آرٹس کونسل ڈی جی خان محمد اسد شہزادنے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد لیہ کیمپس کے سبزہ زار میں منعقدہ محفل مشاعرہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر نثاراحمدخان،اسسٹنٹ آرٹس کونسل فضل کریم موجودتھے۔مشاعرہ میں ضلع لیہ کے مقامی شعرا ء کرام نے اردو ،سرائیکی میں اپنا کلام پیش کرتے ہوئے شرکائے محفل سے خوب داد وصول کی۔ محفل مشاعرہ کی نظامت کے فرائض پروفیسر ڈاکٹر گل عباس اعوان پرنسپل کامرس کالج کوٹ سلطان نے انجام دیے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریذیڈنٹ ڈائریکٹر آرٹس کونسل ڈی جی خان محمد اسد شہزاد نے کہا کہ ڈویژنل آرٹس کونسل کی سرگرمیوں کادائرہ کار ڈویژن سے ضلعی سطح تک پھیلایا جارہا ہے جو بتدریج تحصیل اور یونین کونسل کی سطح تک بھی پھیلایاجائے گااور فنون لطیفہ کی ترویج کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں اور اس سلسلہ میں کوئی کسر اُٹھانہ رکھی جائے گی ۔انہوں نے مزید کہا کہ شعراء کرام اپنے کلام کی بدولت عوام میں نئی سوچ اور فکر پیدا کررہے ہیں جو ملکی ثقافتی وادبی ترقی میں ممد و معاون ثابت ہوگی ۔تقریب میں طلباء و طالبات اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور ڈی جی خان آرٹس کونسل کی جانب سے اس مثبت سرگرمی کے انعقاد پر خوشی کااظہار کیا۔محفل مشاعرہ میں پرنسپل گورنمنٹ کالج کوٹ سلطان پروفیسر مزمل حسین،گورنمنٹ کالج لیہ سے حمید الفت ملغانی ،فاروق گل،لطیف قمر،صبابر عطا،مبین سمل،قاسم عارض ،سلیم اختر ندیم،ریاض قیصر،منظور بھٹہ ،شمشاد سرائی ،عارش گیلانی و دیگرنے اپنا کلام پیش کیا۔