ڈیرہ غا زیخان (صبح پا کستان):سپیشل سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب سرفراز حسین مگسی نے ڈائریکٹر زراعت مہر عابد حسین کے ہمراہ تحصیل جام پور کے الہ آباد شرقی، قمبر شاہ، نواں چک اور سلرہ سمیت دیگر مواضعات کا تفصیلی دورہ کیا ۔ کاشتکاروں کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے سرفراز حسین مگسی نے کہا کہ کاشتکاروں کو ترغیب دلاکر 31 مارچ سے پہلے کپاس کی زیادہ سے زیادہ بوائی کرانا ہوگی ۔ کاشتکاروں کو فصل کی پوری مدت میں کپاس کی فصل کا انتظام، مقامی کسانوں کی معاشی حالت کو بلند کرنے کے لیے محکمہ زراعت کے ذریعے وزیر اعلیٰ پنجاب کے اقدامات کے بارے آگاہی بھی دی گئی ۔ سپیشل سیکرٹری زراعت نے کسانوں کے سوالات اور کاشتکاری کے مسائل کے بارے میں ان کے خدشات کا ازالہ کیا اور محکمہ زراعت کی طرف سے کی گئی کوششوں بارے بھی آگاہ کیا ۔ انہوں نے موضع نواں چک میں کاٹن فیلڈ کا دورہ کیا ۔ محمد ابراہیم قریشی ندیم خان ڈاہا،چوہدری فقیر محمد اور دیگر کاشتکاروں کی کپاس کی فصلوں کا بھی معائنہ کیا ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل زراعت راجن پور محمد آصف،اسسٹنٹ ڈائریکٹر جام پور صغیر احمد قریشی ، زراعت آفیسر محمد پور سیف علی اور دیگر افسران ہمراہ تھے ۔