اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن )صدر مملکت آصف علی زرداری نے ڈھاڈر، بولان پاس میں جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی ہے۔
ایوان صدر سے جاری اعلامیہ کے مطابق مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی ہے۔
انہوں نے سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور جعفر ایکسپریس کے مسافروں کو ریسکیو کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری کی تعریف کی۔
صدر مملکت نے کہا کہ نہتے شہریوں اور مسافروں پر حملے غیر اِنسانی اور مذموم عمل ہے، مسافروں پر حملے کرنے والے بلوچستان اور اس کی روایات کے خلاف ہیں۔ بلوچ قوم نہتے مسافروں، بزرگوں، بچوں پر حملے اور یرغمال بنانے والوں کو مسترد کرتی ہے۔ کوئی مذہب اور معاشرہ ایسی گھناؤنی کارروائیوں کی اجازت نہیں دیتا۔
صدر مملکت نے جعفر ایکسپریس حملے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔