ڈیرہ غازیخان (صبح پا کستان):ڈیرہ غازیخان ڈویژن کے نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کے عزم کی تکمیل کیلئے ایک اور سپورٹس کمپلیکس بنے گا، ڈویژنل پبلک سکول و کالج اور پانچوں اضلاع کے منتخب 22سرکاری سکولوں کے گراونڈز کو اپ گریڈ کرنے کا بھی اعلان کیاگیاہے. اس حوالے سے کمشنر ڈیر ہ غازیخان ڈویژن ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں رکن پنجاب اسمبلی محمد حنیف پتافی نے خصوصی شرکت کی جبکہ پولیٹیکل اسسٹنٹ کوہ سلیمان محمد اسد چانڈیہ،اے ڈی سی جی قدسیہ ناز،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وسیم اختر جتوئی،سیکرٹری تعلیمی بورڈ عبدالرحمن چوہدری،اے سی صدر تیمور عثمان،چیف آفیسرز جواد الحسن گوندل، ڈی او ماحولیات اشفاق حسین،سی ای او ایجوکیشن ملک محمد عامر،ڈی ایس او رابعہ بتول،سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پی ایم او کے محمد مدنی،ڈی بی اے شہزاد قدیر،ایکسئین بلڈنگز اور دیگر افسران شریک تھے۔. کمشنر نے کہا کہ ڈویژنل ہیڈ کوارٹر پر ایک اور سپورٹس کمپلیکس بنایا جائے گا جس میں کرکٹ،ہاکی،فٹ بال،والی بال،اوپن جم،لیڈیز جم،جوگنگ ٹریک،پویلین اور دیگر سہولیات فراہم ہوں گی۔50 کنال رقبہ پر سپورٹس کمپلیکس میں ٹی ایس او آفس،پبلک ٹوائلٹس بھی بنیں گے۔ منصوبہ پر دس کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔کمشنر نے کہا کہ ڈی پی ایس اور ڈویژن کے 22 سرکاری سکولوں کے گراؤنڈز کو اپ گریڈ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔سکولوں میں کرکٹ ارینا،فٹسال،فٹ بال اور والی بال کورٹ کے علاوہ اوپن بیڈ منٹن کی سہولیات میسر ہوں گی۔15 کے وی کا سولر پلانٹ بھی لگایا جائے گا۔سکول اوقات میں طلباء اور دیگر وقت میں مرد و خواتین کو سپورٹس کی سہولیات میسر ہوں گی۔کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ نوجوانوں کو کھیل کی سہولیات فراہم کرکے منشیات اور دیگر جرائم سے بچا یاجاسکتا ہے۔ رکن پنجاب اسمبلی محمد حنیف پتافی نے کچھ گراؤنڈز اپنے ذمہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سپورٹس سہولیات کی فراہمی کیلئے دیگر مخیر حضرات سے بھی تعاون حاصل کیا جاسکتا ہے۔