کورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں آج یوم پاکستان سادگی کے ساتھ منایا جارہا ہے۔
کرونا وائرس کی وجہ سے قوم آج یوم پاکستان سادگی کے ساتھ منارہی ہے، یوم پاکستان پر منعقد ہونے والی تمام سرکاری اور غیرسرکاری تقریبات منسوخ کی جاچکی ہیں تاہم دن کے آغاز پر مساجد، گرجاگھروں، مندروں اور گورودوارں میں عبادت کے دوران ملک کی سلامتی، ترقی خوشحالی اورخاص طورپرکورونا وائرس سے بچائو کیلئے دعائیں مانگی گئیں۔
قومی اعزازات کی مرکزی تقریب آج ایوان صدر میں ہونا تھی جس میں صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مختلف شخصیات کوعسکری وسول اعزازات سے نوازنا تھا، گورنر ہاؤسز میں ہونیوالی اعزازات کی تقاریب بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق اعزازات کی تقریب صورتحال بہتر ہونے پر منعقد کی جائے گی، اسی طرح لاہورمیں مزاراقبال پرگارڈزکی تبدیلی کی تقریب بھی نہیں ہوئی جب کہ واہگہ بارڈر، گنڈا سنگھ بارڈر پر قومی پرچم اتارے جانے کی تقریبات میں بھی شہری شریک نہیں ہوسکتے۔
کورونا وائرس سے متعلق حکومتی ویب سائیٹ کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 23 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد سندھ میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 352 ، پنجاب میں 225، بلوچستان میں 104، گلگت بلتستان میں 71، خیبر پختونخوا میں 31 جب کہ اسلام آباد میں 15 مریض موجود ہیں جب کہ 6 افراد صحت یاب ہوکر اپنے گھروں کو جاچکے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے تحت گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے مزید 2 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں اس وبا سے ہلاکتوں کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔