اسلام آباد: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ وہ افغان پناہ گزینوں کی میزبانی پر پاکستان کے شکر گزار ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے اسلام آباد میں مہاجرین کے وفد نے ملاقات کی ، وفد میں افغانستان، تاجکستان اور یمن کے مہاجرین شامل تھے، مہاجرین کے نمائندوں نے دوران گفتگو انتونیو گوتریس کو پاکستان میں تعلیم، کاروبار،اور ہنر سے متعلق تجربات سے آگاہ کیا۔ پناہ گزینوں نے سیکرٹری جنرل کو اپنے ممالک میں ظلم و ستم اور تشدد کی روداد بھی سنائیں۔
انتونیوگوتریس نے کہا کہ پاکستان نے افغان جنگ سے متاثر 45 لاکھ پناہ گزینوں کو پناہ دی اور ان کے لیے بہترین انتظامات کیے، پاکستان کے عوام نے افغان مہاجرین کی بھرپور مہمان نوازی کی، طویل عرصے تک افغان مہاجرین کی میزبانی پرپاکستان کا شکر گزار ہوں۔
واضح رہے کہ انتونیوگوتریس 4 روزہ دورے پر پاکستان ٗآئیں ہیں، وہ صدرمملکت اور وزیراعظم سے ملاقات کریں گے، پاکستانی قیادت انتونیوگوتریس کو مقبوضہ کشمیرکی صورتحال سے آگاہ کرے گی۔ اس کے علاوہ انتونیوگوتریس افغان مہاجرین سے متعلق عالمی کانفرنس میں شرکت کریں گے جب کہ یو این سیکریٹری جنرل گوردوارہ کرتارپور کا دورہ بھی کریں گے۔
یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان آمد سے قبل اپنے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ پاکستان دنیا بھر میں اقوام متحدہ کے امن مشنز میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دنیا میں امن کیلیے کوششوں میں اہم اورقابل اعتماد کردار ہے اور اس امن کیلیے خدمات پرپاکستانی عوام سے اظہارتشکرکروں گا۔