اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رانا تنویر حسین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے متفقہ چیئرمین منتخب ہوگئے۔
پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں نئے چیئرمین کا انتخاب عمل میں آیا۔ کمیٹی نے مسلم لیگ (ن) کے رانا تنویر کو متفقہ طور پر چیئرمین منتخب کرلیا۔رانا تنویر کا نام سردار نصر اللہ دریشک نے تجویز کیا جبکہ مشاہد حسین نے اس کی توثیق کی۔
چیئر مین منتخب ہونے کے بعد رانا تنویر حسین نے سب کو ساتھ لے کر چلنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی اے سی کو فعال بنایا جائے گا ،ماضی میں جو کمیٹیاں بنیں سات سال سے ان کی رپورٹس ہی نہیں آئیں اراکین کی مشاورت سے شیڈول بنا کر چلیں گے اور آڈٹ اعتراضات بروقت نمٹائیں گے۔
واضح رہے کہ اپوزیشن کے انتہائی اصرار اور احتجاج کے بعد مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین منتخب کیا گیا تھا تاہم انہوں نے چند ماہ قبل استعفیٰ دے دیا تھا۔